فضل الرحمن جمہوریت پر خودکش حملہ کی بجائے حجرے کا رخ کریں: فردوس عاشق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مولانا فضل الرحمن کے خطاب پر ردعمل میں کہا ہے کہ مولانا صاحب جمہوریت پر خودکش حملہ کرنے کی بجائے حجرے کا رخ کریں، کرسی کی بے تابی میں جمہوریت سے نہ کھیلیں انتخابات میں اپنی شکت کا بدلہ جمہوری نظام سے نہ لیں۔ ان اسباب پر غور کریں جن کی وجہ سے آپ الیکشن ہارے آپ الیکشن کیلئے اس لئے بے تاب ہیں کیونکہ 1988 کے بعد پہلی بار ایوان سے باہر ہیں۔ اب آپ کو سرکاری وسائل کے بغیر رہنے کی عادت ڈالنا ہوگی۔ سڑکوں پر فساد پھیلانے کی بجائے تبلیغ برائے اصلاح کا فریضہ انجام دیں۔ مولانا کا ایک ہی مطالبہ ہے ’’سانوں وی کھڈائو نئیں تے کھیڈ مکائو‘‘ انتخابات میں اپنی شکست اور سیاسی محرومی کا بدلہ جمہوری نظام سے نہ لیں اکتوبر میں اسلام آباد کا رخ کرنے والے اکتوبر 99 میں کہا تھے؟ علاوہ ازیں ایک ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے میں صدر ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ بھی مثبت کردار ادا کر رہی ہیں،ایوانکا ٹرمپ سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری کی ملاقات میں پاکستانی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے تعاون کی پیشکش، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، روزگار کا فروغ اور وزیراعظم کے دل کے قریب احساس پروگرام کی سپورٹ نہایت خوش آئندہے۔ ایوانکا ٹرمپ کا پاکستان میں خواتین کی فلاح وبہبود کے منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار وزیراعظم عمران خان کے خواتین کو بااختیار بنانے کے وژن کی تکمیل میں معاون ثابت ہو گا۔