پاکستان سپر لیگ 5کیلئے حکمت عملی تیار، فائنل لاہور میں ہوگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کی تیاریوں کا آغاز کر دیا۔ پی سی بی حکام لیگ کے تمام میچزپاکستان میں کروانے کے لیے پْرعزم ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا پانچواں ایڈیشن آئندہ برس 20 فروری سے 22 مارچ تک کروانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پی ایس ایل فائیو کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل نومبر میں مکمل کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ لاہور قلندرز اورکراچی کنگز کے درمیان کروانے کی تجویز سامنے آئی ہے اس سلسلے میں ابھی تک میچ کے وینو کا کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل تھری اور فور کے فائنل کراچی میں کروانے کے بعد پی ایس ایل فائیو کا فائنل لاہور میں کروایا جائیگا۔ اسی طرح ڈبل لیگ کے میچز پہلے مرحلے میں کوئٹہ ، پشاور اور کراچی کے میچز کراچی میں کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔ لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے میچز لاہور میں کروائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائیو کے 11 میچز لاہور، 9 میچز کراچی میں ، راولپنڈی میں8 اور ملتان میں چار میچز کروانے کی تجویز ہے۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں آزاد جمو ں و کشمیر اور پشاور میں بھی ایک ایک میچ کروانے کی تجویز دی گئی ہے، پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے شیڈول اور میچز کے مقامات کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا