یونین کونسل کی سطح سے ٹیلنٹ تلاش کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرلی :زاہد قیوم
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب کے نئے وائس چیئرمین رائو زاہد قیوم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں سپورٹس کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کررہے ہیں ان کی خواہش ہے کہ سپورٹس پاکستان کی پہچان بنے، سپورٹس بورڈ پنجاب وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سپورٹس کے فروغ، ترقی اور کھلاڑیوں کو سپورٹس کی سہولتوں اور سپورٹس کے انفراسٹرکچر کو وسیع کرنے کے لئے ضروری اقدامات کررہا ہے، پنجاب میں کھلاڑیوں کو جدید ترین سپورٹس کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، رواں مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے خطیر رقم رکھی گئی ہے، ان منصوبوں پر جلد کام شروع ہو جائے گا،ہر تحصیل میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کررہے ہیں، یونین کونسل کی سطح سے ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے منصوبہ بندی کرلی ہے، مختلف کھیلوں کی چیمپئن شپ منعقد کررہے ہیں تاکہ جس کھیل سے ٹیلنٹ ملے اسے مزید پالش کیا جائے ، ان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیار کیا جائے گا۔ کھیلوں کے گرائونڈز، جمنیزیم اور سپورٹس کمپلیکس کو آباد کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کررہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان سپورٹس جیسی صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیں اور ملک کا نام روشن کریں۔