لاہور پاکستان کا دل کشمیر شہ رگ ‘ کرکٹ سے دونوں کو مضبوط بنایا: عاطف رانا
لاہور(نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ لاہور پاکستان کا دل اور کشمیر شہ رگ ہے۔ ہم نے کرکٹ کے ذریعے دونوں کو مضبوط بنانے کی کوشش کی تھی۔ دو ہزار سترہ میں اپنا پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام کشمیر لے کر گئے تھے تاکہ وہاں سے ٹیلنٹ سامنے آئے اور کشمیریوں کو بھی اعلی درجے کی کرکٹ دیکھنے کو ملے۔ آج پاکستان سپر لیگ کے میچز کشمیر میں ہونے کی بات ہو رہی ہے تو بہت خوشی ہو رہی ہے جو پودا ہم نے لگایا تھا وہ سایہ دار درخت بن چکا ہے کشمیر میں پی ایس ایل کے میچز کی جتنی خوشی ہمیں ہو شاید اتنی کسی کو نہ ہو۔ ہم نے کشمیری عوام وہاں کی حکومت کو ساتھ ملا کر کھیل کی سرگرمیوں کا آغاز کیا، مقامی انتظامیہ نے بہت ساتھ دیا، وزیراعظم آزاد کشمیر نے بہت تعاون کیا، کشمیر کے شائقین کرکٹ نے سٹیڈیم آ کر جو حوصلہ افزائی کی وہ کبھی بھلائی نہیں جا سکتی۔ پھر فاسٹ باؤلر سلمان ارشاد کا سامنے آنا، آسٹریلیا جانا اور پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ان سب چیزوں نے کشمیریوں میں کھیل کا شوق بڑھایا اور ان کا پاکستان سے رشتہ مضبوط ہوا۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ بہتر انداز میں کشمیر میں کرکٹ پر کام ہو تو وہاں سے بھی ٹیلنٹ سامنے آ سکتا ہے ایسا نہیں کہ وہاں ٹیلنٹ موجود نہیں یوں محسوس ہوتا ہے کہ اس علاقے کو کرکٹ کے حوالے سے کبھی سنجیدہ نہیں لیا گیا اور نہ ہی کبھی ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کیے گئے اگر مناسب توجہ دی جائے تو کشمیر سے اچھے کرکٹرز سامنے آ سکتے ہیں۔سلمان ارشاد کا آسٹریلیا میں کنٹریکٹ اور پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی سے کشمیر میں کھیل کا شوق بڑھا ہے پاکستان سپر لیگ کے میچز ہونے سے نچلی سطح پر بھی کھیل کو فروغ ملے گا۔