• news

برازیل: جیل میں ہنگامہ ، 52قیدی ہلاک ، 16کے سرقلم کئے گئے

ریو ڈی جنیرو ( نیٹ نیوز) شمالی برازیل کی جیل میں قیدیوں کے درمیان ہونے والے فسادات میں کم از کم 52 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔جیل کے خراب نظام اور حد سے زیادہ قیدیوں سے بھری جیل میں ہونے والے اس واقعے میں 52 میں سے 16 افراد کے سر تن سے جدا کر دیے گئے۔ایک حکومتی آفیشل نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ یہ لڑائی التامیرا ریجنل ریکوری سینٹر میں صبح 7 بجے شروع ہوئی اور دوپہر تک جاری رہی۔لڑائی کے دوران دو گارڈز کو یرغمال بنا لیا گیا تھا جنہیں لڑائی کے اختتام پر چھوڑ دیا گیا۔برازیلین میڈیا پر چلنے والی فوٹیج میں جیل کی چھت پر لوگوں کو بیٹھے اور کمپاؤنڈ سے دھواں نکلتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ قیدیوں نے جیل میں آگ لگا دی تھی۔رپورٹس کے مطابق جیل کے دو حریف گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد جیل کسی میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگی۔حکومتی آفیشلز کے مطابق اکثر افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے جبکہ جیل کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے اضافی نفری بھی بھیج دی گئی ہے۔امریکا اور چین کے بعد دنیا میں جیلوں میں سب سے زیادہ آبادی کے لحاظ سے برازیل کا تیسرا نمبر ہے اور جون 2016 کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جیلوں میں 7لاکھ 26ہزار سے زائد افراد قید ہیں۔التامیرا کی جیل میں بھی گنجائش سے زیادہ قیدی رکھے گئے ہیں جہاں برازیلین میڈیا کے مطابق اس جیل میں محض 200 قیدی رکھنے کی گنجائش ہے تاہم یہاں 300 سے زیادہ قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن