ایئرمارشل نورخان ہاکی چیمپئن شپ:آرمی نے پولیس کو ہرادیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) 65ویں ایئرمارشل نورخان قومی ہاکی چیمپین شپ:آرمی نے پولیس کو13 گول سے ہرا کرایونٹ سے باہر کردیا،نیوی ریلوے میچ ڈراء ، ایئر فورس کی فتوحات کا سلسلہ جاری ، سندھ ہاکی ٹیم ایونٹ سے باہر، واپڈا اور ماڑی پیٹرولیم کے مابین میچ موسم کی خرابی کے باعث نہ ہوسکا، دونوں ٹیموں کو پی ایچ ایف قوانین کے مطابق ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام 65ویں ایئر مارشل نورخان قومی ہاکی چیمپین میں گذشتہ روز چار میچز کھیلے گئے، پہلا میچ پاکستان آرمی اور پولیس کے مابین کھیلا گیا، آرمی ٹیم نے پولیس ٹیم کو ٹارگٹ کرتے ہوئے 13 گول سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، پاکستان آرمی کے ہونہار کھلاڑی سفیر نے بہترین کھیل کامظاہرہ کرتے ہوئے چار شاندار گول کئے اور اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا ، جبکہ اویس زاہد اور محمد عمرنے دو گول، امجد علی، ایم رضوان سینئر، محمد ذیشان، ارسلان رائے نے ایک ایک گول سکور کیا. پولیس ہاکی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی۔ دوسرا میچ پاکستان نیوی اور پاکستان ریلوے کے مابین کھیلا گیا جو کہ 1-1 گول سے برابر رہا، پاکستان ریلوے کی نوجوان ٹیم نے نیوی کی تجربہ کار ٹیم کو سخت مقابلے کی پوزیشن میں رکھا، نیوی کو ریلوے پر نفسیاتی برتری حاصل تھی لیکن ریلوے ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور برابر کی ٹکر دی، نیوی کی جانب سے اسد اظہر نے پینلٹی کارنر کے ذریعہ گول کیا جبکہ ریلوے کی جانب سے عمیر ستار نے فیلڈ گول کے ذریعہ گول سکور کیا۔