• news

کوئٹہ: پولیس وین کے قریب بم دھماکہ، اہلکار سمیت 5 افراد شہید، 32 زخمی

کوئٹہ (امجد عزیز بھٹی سے) کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد شہید جبکہ پولیس اہلکاروں، خاتون اور بچوں سمیت 32 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، پولیس حکام کے مطابق منگل کی شام کوئٹہ کے علاقے لیاقت بازار میں میزان چوک پر سٹی تھانے کے قریب ایڈیشنل ایس ایچ او سٹی تھانہ شفاعت مرزا پولیس موبائل میں گشت کر رہے تھے کہ انکی گاڑی کے قریب موٹرسائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ جس کے نتیجے میںپولیس اہلکار سمیت 5 افرادجمال الدین ، شراف الدین ، علی شاہ ، عین اللہ شہید جبکہ ایڈیشنل ایس ایچ او شفاعت مرزا ، بچوں اور خاتون سمیت 32 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 4کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھاکہ اس کی آواز پورے شہر میں سنی گئی۔ دھماکے کی شد ت سے قریبی عمارتوں، دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد پولیس، ایف سی اور ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اورلاشوں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا واقعہ کے بعد محکمہ صحت نے کوئٹہ شہرکے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔ جبکہ وزیر داخلہ میر ضیا ء اللہ لانگو، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ سمیت پولیس و سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور دھماکے کی جگہ کا جائزہ لیا۔ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کر نے کا سلسلہ شروع کردیا جبکہ کوئٹہ شہر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن