• news

کروڑوں پودے لگانے کا ہدف پورا کرینگے، شجرکاری میں شہریوں کا شرکت یقینی بنائی جا ئے: عثمان بزدار

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد کے احاطے میں پام کا پودا لگا کر موسمی شجرکاری کا افتتاح کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان کو غیر موافق موسمی تغیرات کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے۔ درخت ہماری نئی نسل کے دوست ہیں، بچوں کو درختوں اور پودوں سے پیار کی ترغیب دی جائے۔ رواں مون سون شجرکاری مہم کے دوران صوبہ بھر میں کروڑوں پودے لگانے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔ کلین اینڈ گرین پروگرام موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش چیلنج سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔ شہروں کو سرسبز و شاداب اور آب و ہوا کو سازگار بنانے کیلئے شجرکاری مہم پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے ہر سطح پر شہریوں کی شرکت یقینی بنائی جائے۔سوشل فاریسٹری کے فروغ کیلئے بچوں، خواتین، بزرگوں اور نوجوانو ں کو ماحول دوست سرگرمیوں میں شریک کیا جائے۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پودے لگانے پر طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ مستقبل میں آبی قلت کے سنگین بحران کے سدباب کیلئے ہنگامی بنیادوں پر شجرکاری ضرور ی ہے۔ محکمہ جنگلات گھروں میں شجرکاری کیلئے شہریوں کو پودے فراہم کرے گا۔ عثمان بزدار نے معروف نعت خوان ذوالفقار علی حسینی کے انتقال پر آرمی ایوی ایشن کے تربیت طیارے کے حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں اور دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ عثمان بزدار نے شکر گڑھ میں نوجوان پر پولیس کے تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ عثمان بزدار نے کوئٹہ میں سٹی تھانے کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن