کرتار پور راہداری، زیروپوائنٹ سے شکر گڑھ روڈ مکمل، کارپٹنگ باقی
شکرگڑھ (نامہ نگار) کرتار پور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا تعمیراتی کام اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا اور مقررہ مدت تک منصوبے کی تکمیل کے لئے چھوٹے بڑے کنٹریکٹرز کو ملا کر 70 سے زائد کمپنیاں FWO کے ساتھ مل کر مصروف عمل ہیں۔ زیرو پوائنٹ سے لیکر شکرگڑھ روڈ تک سڑک مکمل کردی گئی ہے۔ سڑک پر کارپٹ بچھانے کا کام باقی رہ گیا ہے جو اگلے چند روز میں مکمل ہو جائے گا۔ دربار میں داخلے کے لیے 2 اطراف گیٹ اور (تالاب) مکمل کر دئیے گئے ہیں۔ لنگر خانہ، مہمان ہال، درشن استھان، ایڈمن بلاک، رہائش گاہوں اور ٹوائلٹس بلاک سمیت دیگر عمارتوں کا 90 فیصد بلڈنگ ورک مکمل ہو چکا ہے، ماربل، گرینائیٹ لگانے کے ساتھ ساتھ دروازے، کھڑکیاں، الیکٹرک ورک، سیوریج، واٹر سپلائی اور پلمبنگ کا کام کیا جا رہا ہے۔ احاطہ دربار کے 16 میں سے 12 پینلز میں آر سی سی کنکریٹ ڈال دیا گیا ہے۔ تمام تعمیراتی کام کے ساتھ ساتھ کمپلیکس، دربار، پارکنگ، سڑک اور بارڈر ٹرمینل کے ارد گرد لینڈ سکیپنگ اور خوبصورت پودے لگانے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب تعمیراتی کمپنی نے ارد گرد کے دیہات کے کسانوں کو راہداری منصوبے کے تعمیراتی کام کے دوران انکی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے معاوضے کی ادائیگی شروع کر دی ہے۔