حمزہ، سلمان شہباز کے دفاتر پر نیب کے چھاپے، اسحاق ڈار کیخلاف مزید ثبوت حاصل کرلئے
لاہور (سٹاف رپورٹر + اپنے نامہ نگار سے) آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے حمزہ شہباز اور سلمان کے دفاتر کے سرچ وارنٹ حاصل کرلئے ہیں اور نیب کی جانب سے اہم ریکارڈ کے حصول کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ قبل ازیں عدالت نے نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عثمان افتخار کی سرچ وارنٹ کی اجازت دینے کی درخواست منظور کر لی۔ نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز سمیت دیگر کیخلاف اہم ریکارڈ حاصل کرنا ہے اور ملزم دوران تفتیش تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق عدالتی حکم نامہ وصول ہونے پر نیب نے دو جگہ چھاپہ مار کر اہم ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ سرچ وارنٹ گلبرگ اور کیولری گرائونڈ میں موجود آفسز کی تلاشی کیلئے حاصل کئے گئے۔ ادھر نیب کی جانب سے اسحاق ڈار کے خلاف منی لانڈرنگ کے مزید ثبوت حاصل کرلئے گئے۔ نیب ذرائع کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ملنے والے نئے شواہد کے بعد فوری طور پر چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔ نیب نے اسحاق ڈار کے مختلف بینکوں میں موجود پچاس کروڑ روپے پہلے ہی صوبائی حکومت کے اکائونٹ میں منتقل کر دیئے ہیں۔ جبکہ پانچ کنال کا بنگلہ بھی ضبط کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ اسحاق ڈار کی مزید جائیدادوں کی تلاش جاری ہے۔