ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹورنامنٹ میں پنجاب ٹیم کی بے ضابطگیوں کا نوٹس لے لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس) نیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں پنجاب کی جانب سے بھجوائی جانے والی ٹیم سے ہٹ کر کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کا پی ایچ ایف نے نوٹس لے لیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے شکایت موصول ہونے اور میڈیا میں خبریں آنے کے بعد ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپیئن حنیف خان سے رپورٹ طلب کر لی۔ پنجاب ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام جو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کو بھجوائے گئے تھے ان سے ہٹ کر کھلاڑیوں کو پنجاب ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا جس پر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے پنجاب ہاکی ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کو فوری نکال باہر کیا تھا جس پر پنجاب ہاکی ٹیم کو 13 کھلاڑیوں کیساتھ میچ کھیلنا پڑا تھا۔ پنجاب ہاکی ٹیم کی مینجمنٹ کی جانب سے قوانین کی دھجیاں بکھیری گئی ہیں ۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر حنیف خان کو کہا گیا ہے کہ وہ رپورٹ تیار کر کے جلد بھجوائیں۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر حنیف خان کا کہنا ہے کہ ایک مخصوص ٹولہ جان بوجھ کر میڈیا میں منفی خبریں لگوا رہا ہے تاکہ ثابت کیا جائے کہ نیشنل چیمپئن شپ ناکام ہو گئی ہے۔