ایک سال میں بیرونی سرمایہ کاری 50 فیصد کم 10 لاکھ افراد بیروزگار ہوچکے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب ملک کو درپیش مشکلات آپ کی اپنی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے ہیں۔ عمران صاحب 2018 میں ملک کی ترقی کی شرح 8.5 فیصد تھی آپ نے 10ماہ میں آدھی کر دی ہے۔ عمران صاحب ایک سال میں آپ کی نااہلی اور نالائقی نے مہنگائی کی شرح تین گنا کر دی ہے۔ عمران صاحب آپ نے ایک سال میں دس ہزار ارب قرضے کا اضافے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ایک سال میں گیس کے نرخوں میں دو سو فیصد اور بجلی کی قیمت میں 35فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ایک سال میں بیرونی ملک سرمایہ کاری میں پچاس فیصد کمی ہوئی ، 10لاکھ لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔ ایک سال میں ٹیکس ریونیو میں تاریخی پانچ سو ارب کا خسارہ ہے، کیونکہ لوگ جھوٹوں اور چوروں کو ٹیکس نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب ایک کمشن بنائیں جو ایک سال کی کارکردگی کا جائزہ لے اور آپ کو آئینہ دکھائے۔