سرکاری اداروں کا کلچر بدل دیا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سمز)کا دورہ کیا۔ موبائل ہیلتھ یونٹ کا افتتاح کیا۔ موبائل ہیلتھ یونٹ امپریل کالج لندن کی جانب سے عطیہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ نے سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گااور اس ضمن میں پنجاب حکومت ہر طرح کے وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں کچھ عرصہ قبل رات کو دو مرتبہ خود ایمرجنسی آیا ۔ ایمرجنسی میں طبی سہولتوں کے حوالے سے شکایات بھی سامنے آئیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے والد مرحوم بھی یہاں زیر علاج رہے اور مجھے علم ہے کہ ایمرجنسی میں مریضوں کو کیا مشکل پیش آتی ہے؟ پنجاب کے ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کو ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کریں گے اور اس مقصد کیلئے بجٹ میں ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مہیا کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہسپتالوں کو حقیقی معنوں میں شفا خانے بنائیں گے اورمیں خود ہسپتالوں کے دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کے لواحقین سے کار پارکنگ کے نام پر اوورچارجنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اوورچارجنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ینگ ڈاکٹرز نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹرز سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا۔ینگ ڈاکٹرز نے تنخواہوں میں اضافے پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر کیا۔ عثمان بزدار سے سول سیکرٹریٹ میں وزیر مملکت نارکوٹکس کنٹرول و سیفران شہر یار خان آفریدی نے ملاقات کی ،جس میں منشیات کے دھندے کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ طورپر اقدامات کرنے پراتفاق کیا گیا۔ملاقات میں فیصلہ کیاگیاکہ پنجاب حکومت اوروفاق منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کریں گے اورمنشیات کے مکروہ دھندے کے خاتمے کیلئے ملکرمربوط انداز میںاقدامات کیے جائیںگے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کی سختی سے سرکوبی کی جائے گی۔پولیس، ایکسائز اورمتعلقہ محکمے انسداد منشیات فورس کو ہر طرح کی معاونت فراہم کریںگے۔ انہوںنے کہا کہ منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں۔ عثمان بزدار نے مختلف محکموں کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بغیر اطلاع لائیوسٹاک، خوراک، زراعت، صنعت اور دیگر محکموں کا دورہ کیا اور افسروں کی حاضری چیک کی۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریز کے کمروں میں بھی گئے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے کام کیلئے آئے لوگوں سے مسائل پوچھے اور بزرگ خاتون سے فائل لے کر مسئلہ فوری طور پر حل کرنے کیلئے ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بغیر اطلاع محکموں کے دورے کرنے سے حقائق کا علم ہوتا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ آج دفاتر میں افسر موجود ہیں۔ عوام کے مسائل کے حل کیلئے اوپن ڈور پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا ئے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سرکاری محکموں کا روایتی کلچر یکسر بدل دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سڑکوں کے بعض منصوبوںمیں تاخیر اور غیر معیاری مٹیریل کے استعمال پرسخت برہمی کا اظہار کیا اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل نہ کرنے پر متعلقہ حکام کی سرزنش کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری افسران ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے دوران کڑی مانیٹرنگ کریں، معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ عثمان بزدار نے گلبرگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ کے گھر جاکر ان کے والد کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔