• news

قوم اور فوج نے کامیابی سے چیلنجز کا مقابلہ کیا: آرمی چیف

راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سالانہ انٹرن شپ پروگرام میں شریک طلبا کو نصیحت کی ہے کہ میرٹ کو اپنائیں، قانون کی اطاعت کریں اور شارٹ کٹ سے بچیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سالانہ انٹرن شپ پروگرام کی تقریب میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے نوجوانوں سے خطاب بھی کیا۔ نوجوانوں سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو گزشتہ دو دہائیوں میں بڑے چیلنجز کا سامنا رہا ہے اور ان تمام چیلنجز کا پاکستانی قوم اور فوج نے کامیابی سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو متحرک اور ذہین نوجوانوں سے نوازا ہے اور ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ آرمی چیف نے طلباء کو نصیحت کی کہ نوجوان اپنے اندر اعتماد پیدا کریں اور میرٹ پر ڈٹے رہیں، نوجوان قانون کی حکمرانی پر عمل پیرا ہوں اور کامیابی کیلئے شارٹ کٹ مت دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص گزشتہ دو عشروں کے دوران بے شمار چیلنجز سے گزرا ہے۔ ان سے نمٹنے میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ آرمی چیف نے پاکستانی نوجوانوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور کہا توقع ہے نوجوان پاکستان کو اس کی درست سمت لے جانے میں کردار ادا کریں گے۔ نوجوان ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سعودی وزیر اطلاعات ترکی بن عبداللہ الشبانہ نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سعودی وزیر دفاع کے مشیر طلال عبداللہ العطیبی، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں دفاعی تعاون کی تاریخ ہے۔ آرمی چیف نے شہزادہ بندر ابن عبدالعزیز السعود کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ہر شعبے میں سعودی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن