• news

پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیاں، ریفرنس کی نقل ملنے پر فرد جرم عائد ہوگی: عدالت

اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں نیب کو آئندہ سماعت پر ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریفرنس کی نقول فراہم کرنے پر فرد جرم کی تاریخ مقرر کی جائیگی۔ احتساب عدالت میں پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سردار مہتاب عباسی، سابق سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الٰہی، سابق سی ای او پی آئی اے مشرف رسول اور طارق پاشا عدالت میں پیش ہوئے۔ سردار مہتاب، عرفان الٰہی، طارق پاشا اور مشرف رسول کی حاضری لگا دی تاہم ایک ملزم راحیل احمد عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے ملزم راحیل احمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، وارنٹ جاری ہونے کے بعد ملزم عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ملزم کو وارنٹ منسوخی کیلئے درخواست دائر کرنے کا حکم دیا۔ سماعت 29 اگست تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایک اور شریک ملزم سجاد عباسی کی جانب سے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیاہے ۔ جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ شریک ملزموں کی لسٹ سے سجاد عباسی کا نام نکال دیا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ سجاد عباسی کی مزید ضرورت نہیں رہا کر دیا جائے۔ جج محمد بشیر نے کہاکہ درخواست میں لکھا جائے کہ اب یہ ملزم نہیں وعدہ معاف گواہ بن گیا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ اب قانون دیکھنا ہو گا کیا کہتا ہے۔ یاد رہے کہ ملزم پر فلاحی پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔

ای پیپر-دی نیشن