پاکستان امریکہ بہتر تعلقات علاقائی امن میں معاون ثابت ہونگے: وزیراعظم
اسلام آباد+ لاہور(نمائندہ خصوصی+خصوصی نامہ نگار، نیٹ نیوز، ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہتر تعلقات علاقائی امن و استحکام میں معاون ثابت ہونگے۔ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں دورہ امریکہ کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سمیت اہم حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے کامیاب دورہ امریکہ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوچ کو سراہا اور کہا کہ پاک امریکہ تعلقات اور علاقائی امن سے متعلق ان کی سوچ قابل ستائش ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک امریکہ بہتر تعلقات دونوں ممالک کی قیادت کی خواہش ہے، دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات علاقائی امن و استحکام میں معاون ثابت ہونگے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ امریکہ میں فیصلوں پر عملدرآمد کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ صدر ٹرمپ کے دورہ پاکستان سمیت دیگر معاملات پر امریکی حکام سے مشاورت جاری رکھنے پر غور کیا گیا۔ دریں اثنا وزیراعظم سے وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تنظیم نو کے حوالے سے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے درخواست کی کہ ماہ اکتوبر کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مہینہ قرار دیا جائے۔ فواد حسین نے جہلم میں قائم کیے جانے والے بائیو ٹیکنالوجی اور ہربل میڈیسن پارک منصوبے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال خصوصاً ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران کو ہدایت کی ہے کہ ایل ڈی اے میں کرپشن کے خاتمے اور میرٹ کی بالادستی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور تمام معاملات کو سیاسی مداخلت سے پاک رکھتے ہوئے شہریوں کو بلا تفریق ریلیف فراہم کیا جائے۔ ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ایل ڈی اے میں کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ایس ایم عمران کی کوششوں کو سراہا۔ وزیر اعظم عمران خان سے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی بھی وزیر اعظم آفس میں ملاقات ۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیر اعظم کو پنجاب میں صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔