شاہد خاقان کا 15 اگست تک ریمانڈ، چھٹی کے دن بھی سماعت کرلیں گے: عدالت
اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں نیب کی استدعا پر شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں 15اگست تک توسیع کر دی ہے اور سعدیہ عباسی اور محسن شاہ نواز رانجھا کو شاہد خاقان عباسی کو قانونی معاونت فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ جج محمد بشیر نے شاہد خاقان عباسی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنا وکیل کر لیں جو ریمانڈ کی مخالفت کر سکے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں اپنی وکالت خود ہی کروں گا۔ میں خود اس وقت وزیر تھا اس لیے ایل این جی کیس کو بہتر سمجھتا ہوں۔ میں نیب والوں کو بھی ایل این جی سمجھائوں گا بس کچھ وقت چاہیے۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 15اگست کو عید کی چھٹی ہے۔ تاہم جج نے کہا کوئی بات نہیں، چھٹی کے دن بھی سماعت کر لیں گے۔ سعدیہ عباسی نے عدالت سے استدعا کی شاہد خاقان عباسی کو قانونی معاملات پر بریف کرنا ہے، ملاقات کی اجازت دی جائے۔شاہد خاقان عباسی کی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتخابات کئے گئے تھے۔