• news

زلمے خلیل کی وزیراعظم، وزیرخارجہ کیساتھ ملاقاتیں، امریکہ طالبان مذاکرات میں پیش رفت سے آگاہ کیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+سٹاف رپورٹر)وزیرا عظم عمران خان سے افغان مفاہمت کے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی اور امریکہ، طالبان مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ملاقات میں زور دیا کہ پاکستان، افغانستان میں امن اور مفاہمت کے عمل میں سہولت دینے کے لئے امریکہ اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ انگیج رہے گا ،وزیراعظم نے واشنگٹن میں صدر ٹرمپ سے اپنی ملاقات کا حوالہ دیا اور کہا کہ پر امن اور مستحکم افغانستان ،پاکستان کے مفاد میں ہے ،اور یہ خطے کے وسیع تر مفاد میں بھی ہے ،وزیراعظم نے افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے بین الااقوامی طور پر اتفاق رائے اور دلچسپی پر اطمینان ظاہر کیا ،انہوں نے افغانستان کے مستقبل کے روڈ میپ کی تیاری میں افغانوں کے مابین مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات افغان امن عمل میں ہونیوالی والی پیشرفت اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔ زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو دوحہ میں ہونیوالے امریکہ،طالبان امن مذاکرات کے ساتویں دور میں ہونیوالی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ایمبیسیڈر زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو اپنے حالیہ دورہ کابل کی تفصیلات بھی بتائیں۔ وزیر خارجہ نے ان سے کہا کہ دوحہ میں انٹرا افغان امن مذاکرات میں ہونیوالی پیشرفت اور دوحہ مذاکرات کے بعد جاری ہونیوالا مشترکہ اعلامیہ خوش آئند ہے۔دوحہ مذاکرات میں ،افغان امن عمل کے حوالے سے بنیادی روڈ میپ سے تمام فریقین کا متفق ہونا بہت مثبت پیشرفت ہے ۔افغانستان میں امن و استحکام اور دیرپا تعمیر و ترقی کیلئے انٹرا افغان مذاکرات سنگ میل ثابت ہوں گے ۔پاکستان ،افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کے تحت ، اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا ۔علاوہ ازیں وزارتِ خارجہ میں "پلاسٹک فری پاکستان"تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پچھلے دو دن سے میں کراچی کی صورتحال دیکھ رہا ہوں وہاں پورا سسٹم بلاک ہے جس کی بنیادی وجہ پلاسٹک بیگز ہیں۔14 اگست سے پلاسٹک فری پاکستان مہم کا اسلام آباد سے آغاز کیا جا رہا ہے۔نوجوان اس مہم میں آگے بڑھیں کیونکہ نوجوانوں 2018 کے الیکشن میں سیاسی تبدیلی کا باعث بنے اور آج ماحول کی تبدیلی میں بھی نوجوان اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے وزارت خارجہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اپنی وزارت کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اس لئے یہ نہیں کہہ رہا کہ میں وزیر خارجہ ہوں۔جس طرح وزیر اعظم عمران خان صاحب کہتے ہیں کہ ٹیم کا کپتان اکیلا کامیابی حاصل نہیں کر سکتا جب تک کہ پوری ٹیم ملکر ایک منزل کی جانب رواں دواں نہ ہو۔میں پبلک کو دعوے سے کہتا ہوں کہ آپ رات کو کسی وزارتِ میں چلے جائیں اگر آپ کو کسی وزارت کے قمقمے جلتے دکھائی دیں گے تو وہ وزارتِ خارجہ کے نظر آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن