’’اٹھیں نہ آپا جمہوری عمل میں حصہ لیں‘‘ معلوم تھا کتنے ووٹ ملیں گے: ظفرالحق فروخت ہونے والے بے نقاب ہوں گے: کرمانی، گیلریاںبھری تھیں
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) اٹھیں نا آپا جمہوری عمل میں حصہ لیں اور اپنا ووٹ ڈالیں۔ پی ٹی آئی کی رکن سینٹ سیمی ایزدی ڈپٹی چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر اپوزیشن اراکین کو ووٹ دینے پر اکساتی رہیں۔ جمعرات کو چیئرمین سینٹ کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد ناکام ہونے کے بعد جب حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ شروع ہو ئی تو اپوزیشن ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہ لیا۔ صدر نشیں کی جانب سے ان کے نام پکارے جاتے رہے لیکن کوئی بھی ووٹ کے لئے نہ اٹھا۔ جب صدر نشیں کی جانب سے بیگم سینیٹر نجمہ حمید اور نزہت صادق کا ووٹنگ کے لئے نام لیا گیا تو وہ نہ اٹھیں اس پر پی ٹی آئی کی سینیٹر سیمی ایزدی نے طنزاً کہا آپا اٹھیں نا ووٹ ڈالیںاور جمہوری عمل میں حصہ لیں۔ لیکن نجمہ حمید ا ٹھیں نہ نزہت صادق۔ سینٹ میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے قبل خطاب کی آفر ٹھکرا دی۔ ہمیں تقاریر کی بجائے ووٹنگ کا آغاز کرنا چاہیے۔ انہوں نے ووٹنگ کے بعد کہا مجھے پتہ چل گیا تھا کتنے ووٹ ملیں گے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کامیابی میری نہیں نظام کی ہے۔ ایوان بالا میں چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے خلاف اپوزیشن اور حکومت کی تحریک عدم اعتماد کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس کی بلڈنگ کے اندر اور باہر بے انتہا رش تھا۔ صحافیوں اور مہمانوں کی گیلریاں کھچا کھچ بھری ہوئی تھیں۔ دوسری طرف سینیٹر آصف کرمانی نے کہا کہ فروخت ہونے والے بے نقاب ہوں گے۔