آئی سی سی اجلاس‘پاکستان ڈیف کرکٹ حکام آج دبئی جائیں گے
لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران ڈیف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سالانہ جنرل کونسل اجلاس میں شرکت کیلئے آج دبئی روانہ ہونگے۔ ڈیف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس 2 سے 6 اگست تک منعقد ہو گا۔ اجلاس میں 9 ممالک کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران شرکت کر رہے ہیں جن میں پاکستان، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، بھارت، نیپال، بنگلہ دیش، انگلینڈ، افغانستان اور سری لنکا شامل ہیں۔ اس اجلاس میں پاکستان کی طرف سے صدر پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن سلمان ظہیر، سینئر نائب صدر اشتیاق احمد اور ہیڈ کوچ عمر فیاض نمائندگی کر رہے ہیں۔ ڈیف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں سالانہ بجٹ، ڈیف کرکٹ کی پرموشن کے علاوہ ڈیف ٹی ٹونٹی ورلڈ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ کیا جائیگا۔ اس موقع پر ڈیف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور آئی سی سی میں بھی میٹنگ ہوگی۔ پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلمان ظہیر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ڈیف ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کو مل جائے۔ پاکستان ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران آج لاہور سے دبئی روانہ ہونگے۔