رانا ثناء کی میڈیکل کیلئے درخواست جیل حکام سے جواب طلب
لاہور( اپنے نامہ نگار سے) اینٹی نارکوٹکس کورٹ نے منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی جانب سے میڈیکل کرانے کی درخواست پر جیل حکام سے جواب طلب کر لیاہے۔جبکہ انکی گاڑی کی سپرداری کے لئے رانا ثناء کے وکیل نے عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔رانا ثناء کی گاڑی جس سے منشیات کی برآمدگی کا الزام ہے وہ اینٹی نارکوٹکس حکام کے پاس ہے ۔عدالت کے جج خالد بشیر نے دائر درخواست پر اینٹی نارکوٹکس حکام سے 9 اگست کو جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے گزشتہ سماعت کے دوران رانا ثنا ء کی جانب سے میڈیکل نہ کرانے کے بیان پر تحریری طور پر درخواست دینے کی ہدایت کی تھی۔دریں اثناء سیشن کورٹ نے رانا ثناء کو جیل میں ادویات کی عدم فراہمی کے حوالے سے دائر درخواست پر 6 اگست کو جواب طلب کر رکھا ہے۔