• news

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 پیسے سستا‘ سونا 900 روپے اضافہ سے 84 ہزار روپے تولہ ہو گیا

لاہور (کامرس رپورٹر) عالمی مارکیٹ میں گرانی سے پاکستان میں بھی سونا مہنگا۔ گزشتہ روز ایک تولہ سونے کی قیمت میں نو سو روپے کا اضافہ ہو گیا۔ جیولرزکے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت نو سو روپے کے اضافے سے چوراسی ہزار روپے ہو گئی ۔ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت انتیس ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار چار سو چھتیس ڈالر تک پہنچ گئی۔ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ بڑھنے سے سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری طرف مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مزید بہتر ہو گئی گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالراکتیس پیسے اور اوپن مارکیٹ میں دس پیسے سستا ہو گیا۔مارکیٹ میں ڈیمانڈ کم ہونے سے ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروباری اوقات کے خاتمے تک ڈالر کی قدر 31 پیسے کی کمی سے 159 روپے 11 پیسے رہ گئی یورو 48 پیسے مہنگا ہو کر 176 روپے 57 پیسے کا ہو گیاجبکہ برطانوی پاونڈ 24 پیسے سستا ہو کر 192 روپے 21 پیسے کا رہ گیا۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 10 پیسے کی کمی سے 159 روپے 50 پیسے رہ گئی جبکہ یورو کی قیمت ایک روپے کی کمی سے 177 روپے 50 پیسے اور برطانوی پاونڈ کی ایک روپے کی کمی سے 194 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن