حسن علی نے بھارتی لڑکی سامعیہ سے شادی کی تصدیق کردی
لاہور+گوجرانوالہ(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس+ نمائندہ خصوصی ) فاسٹ باؤلر حسن علی نے بھارتی لڑکی سے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا سامعیہ سے نکاح 20 اگست کو ہو گا۔انہوں نے خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی شادی کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا البتہ انہوں نے باقاعدہ پریس کانفرنس کر کے اپنی شادی کی تصدیق کی۔ گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شادی کی خبر سچ ہے اور شادی کرنے جارہا ہوں۔ میں جن سے شادی کرنے جا رہا ہوں ان کا نام سامعیہ ہے اور 20 اگست کو دبئی میں نکاح ہوگا۔ ان کی دلہن کی رخصتی دو یا تین مہینے بعد ہوگی جبکہ ولیمہ پاکستان میں ہوگا۔ ہم دونوں ایک سال پہلے دبئی میں ملے تھے جس کے بعد بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا۔میں نے فیملی سے بات کی جس کے بعد میرے بھائی اور بھابھی ان سے ملے، میں نے اپنے بھائی سے کہا کہ میں سامعیہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں جس پر انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ سارے اہم فیصلے میرے بھائی عطاالرحمٰن لیتے ہیں۔ میرے اور سامعیہ کے اہلخانہ کا دباؤ ہے جس کے سبب میں ان کی تصویر آپ لوگوں سے شیئر نہیں کر سکتا لیکن 20اگست کو سب کو پتہ چل جائیگا۔ شادی میں وہ پاکستانی سٹائل کی کالی اور لال شیروانی پہنیں گے جبکہ ان کی دلہن روایتی انڈین ڈریس پہنیں گی۔جب فاسٹ باؤلر سے سوال کیا گیا کہ آپ شادی کے بعد مستقل رہائش کہاں رکھیں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم گوجرانوالہ میں اسی گھر میں رہیں گے۔حسن علی نے انکشاف کیا کہ سامعیہ سے محبت کا اظہار انہوں نے کیا تھا اور انہیں پاکستان میں ان جیسی کوئی لڑکی پسند نہیں آئی۔