• news

ووٹ اور حقوق کو عزت دینے والا جیل میں ہے: مریم نواز

پاکپتن، رینالہ خورد(نمائندہ نوائے وقت، نمائندہ خصوصی) ہر طبقے کا فرد نالائق اعظم کو بددعائیں دے رہا ہے، عوام کہتے ہیںہمارا چولہا نہیں جلتایہ کہتا ہے نواز کا کھانا بند کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے پاکپتن میں ورکر کنونشن سے خطاب میںکیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ایم این اے میاں احمد رضا خاں مانیکا، ایم پی اے میاں نوید علی، سینئر مسلم لیگی راہنما رانا احمد علی آرائیں، مسلم لیگ ن کے سیکرٹری اطلاعات رانا آصف عقیل، ضلعی سینئر نائب صدر عاطل محمود منے خاں، یوتھ ونگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری عبدالقیوم پومی، نائب صدر علی احمد اسد، ضلعی صدر خواتین ونگ موتیا مسعود خالد ودیگر بھی موجود تھے مریم نواز نے کہا کہ آپ کے ووٹ کی عزت کرنیوالا آج جیل میں ہے، آپ کے حقوق کی عزت کرنیوالا آج جیل میں ہے۔ نواز شریف کی بے گناہی کی گواہی لینے آئی ہوں، دربار بابا فرید پر نواز شریف کی رہائی کیلئے دعا کرو۔ مریم نواز نے درگاہ بابافریدالدین مسعود گنج شکر پر حاضری دی جہاں ملکی و ملی سلامتی کیلئے دعا کی اس موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کنونشن کے دوران پی ٹی آئی کا کارکن بلا لے کر چھت پر چڑھ گیا،جلسہ گاہ پر بلا لہرایا اور پارٹی کے حق میں نعرے لگائے،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ مریم نواز کے استقبال کیلئے مسلم لیگ ن ضلع ساہیوال کے صدر ملک ندیم کامران ایم پی اے سابق صوبائی وزیر نے کیمپ لگا رکھا تھا۔ مریم کے قافلہ نے قادر آباد ٹول پلازہ پر پاکپتن جاتے ہوئے اور رات 2 بجے واپسی پر مریم نواز سمیت تمام گاڑیوں نے کوئی ٹول ٹیکس ادا نہ کیا۔ قبل ازیں مریم نواز کا رینالہ خود پہنچنے پر شاندار استقبال ، منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن