یوم آزادی کی نسبت سے تصویری نمائش ’’آرٹ آف پاکستان ‘‘ کا آغاز
لاہور(کلچرل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمر امیں یوم آزادی پاکستان کی نسبت سے تصویری نمائش ’’آرٹ آف پاکستان ‘‘ کا آغاز ہو گیا۔چیئرپرسن بورڈ آف گورنرزلاہور آرٹس کونسل الحمرا منیزہ ہاشمی نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔چیئرپرسن الحمرامنیزہ ہاشمی نے اس موقع پر کہا کہ نمائش میں آویزاں تصاویر میں قومی تشخص اور زندگی کے اہم پہلوئوں کو نمایاں کیا گیا ہے،آرٹ کے فروغ میں آرٹسٹ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے اپنے تاثرات میں کہا کہ یوم آزادی پاکستان کی تقریبات میں مفکر پاکستان علامہ اقبال اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا پیغام عام کر رہے ہیں،الحمرا آزادی کی تقریبات کو ملی و قومی جوش وخروش سے منا رہا ہے،آزادی کی تقریبات میں عوامی دل چسپی ،حب الوطنی کا مظہر ہے،الحمرا آرٹس کونسل میں یوم آزادی پاکستان کی تقریبات 14اگست تک جاری رہیں گی۔انھوں نے کہا کہ بچوں ،نوجوانوں کو قائدین پاکستان کی جدوجہد سے روشناس کروا رہے ہیں ، ہرتقریب میں شہداء کی قربانیوں کو یاد کیا جاتاہے اور انکو زبردست خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔