• news

فہیم اشرف کا ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں شراب کے لوگو والی شرٹ پہننے سے انکار

لاہور(نمائندہ سپورٹس) آل راؤنڈر فہیم اشرف نے انگلینڈ میں جاری ’’ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ ‘‘ میں شراب کے لوگو والی شرٹ پہننے سے انکار کر دیا جس پر انتظامیہ نے پاکستانی کرکٹر کے دینی جذبات کی قدر کرتے ہوئے ان کی جرسی سے شراب کا لوگو ہٹا دیا۔وہ ٹورنامنٹ میں نارتھمپٹن شائرکی ٹیم سے معاہدے کے مطابق کھیلنے میں مصروف ہیں تاہم انہوں نے میچ سے قبل اپنی ٹیم کی جرسی پہننے سے انکار کر دیا کیونکہ جرسی پر مقامی شراب کمپنی کا لوگو چسپاں تھا۔فہیم اشرف کی جانب سے جرسی پہننے سے انکار پر ٹیم انتظامیہ نے پاکستانی کرکٹر کے دینی جذبات کا احترام کرتے ہوئے ان کی جرسی سے شراب کا لوگو ہٹا دیا ہے۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ ،برطانوی معین علی ، آسٹریلوی عثمان خواجہ اور فواد احمد نے شراب کے لوگو والی آسٹریلوی ٹیم کی جرسی پہننے سے معذرت کرلی تھی۔ سابق کپتان اظہر علی نے بھی سمر سیٹ کاؤنٹی کی جانب سے انگلش ڈومیسٹک سیزن میں اپنی شرٹ پر شراب کا لوگو لگوانے سے معذرت کرلی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن