• news

مکی آرتھر عالمی چمیپئن انگلینڈ ٹیم کی کوچنگ کے امیدوار بن گئے

لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرورلڈ چیمپئن انگلینڈ کی کوچنگ کی دوڑ میں شامل ہوگئے۔برطانوی اخبار کے مطابق مکی آرتھرسے انگلش بورڈ کا رابطہ ہواہے اورانہوں نے کوچنگ میں دلچسپی ظاہرکی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، ویسٹ انڈیز کے اوٹس گبسن اورجنوبی افریقہ کے گیری کرسٹین انگلش ٹیم کے نئے کوچ کیلئے امیدوارہیں۔انگلینڈ کے کوچ ٹریور بیلس کا معاہدہ ایشز سیریز کے بعد ختم ہو رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی سے مکی آرتھر کا معاہدہ 15 اگست کو ختم ہورہا ہے جبکہ مکی آرتھر پی سی بی کی جانب سے بھی معاہدے میں توسیع کے لیے پرامید ہیں۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے گبسن دو مرتبہ انگلینڈ کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں اور انہوں نے 2017ء کے آخر میں جنوبی افریقہ کے لئے چارج سنبھالا تھاجو ختم ہونے والا ہے۔گبسن انگلینڈ ہی میں رہتے ہیں ، مئی میں انہوں نے کہا تھا کہ ’’وہ کسی بھی قسم کی جاب سے منسلک ہونے پر خوشی محسوس کریں گے۔جنوبی افریقہ کے سابق اوپنر گیری کرسٹن جو 2011ء میں ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے ساتھ منسلک تھے، اور اس وقت آئی پی ایل کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کے انچارچ ہیں۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اگلی نوکری پکی کرنے کے لیے دوڑ تیز کر دی۔ مکی آرتھر پاکستانی ٹیم کی مزید کوچنگ کرنے کے خواہشمند ہیں ۔ذرائع کے مطابق مکی آرتھر قومی کرکٹ ٹیم میں اپنا معاہدے میں توسیع کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ آئندہ سال ٹی ٹونٹی ورلڈکپ تک ان کی مزید خدمات لی جا سکتی ہیں۔ دوسری جانب مکی آرتھر انگلش کرکٹ بورڈ سے وابستہ ہونے کے بھی خواب دیکھ رہے ہیں۔ انگلش کرکٹ بورڈ حکام نے تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ موجودہ کوچ ٹریوس کا معاہدہ انگلش سرزمین پر ایشز سیریز کے بعد ختم ہو جائے گا اور مکی آرتھر بھی اوٹس گبسن اور گیری کرسٹن کے ساتھ کوچنگ ذمہ داری حاصل کرنے والوں کی فہرست میں موجود ہیں۔یاد رہے کہ مکی آرتھر جنوبی افریقہ، آسٹریلیا کی قومی ٹیم کی بھی کوچنگ کر چکے ہیں جبکہ پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن