ایبٹ آباد: دوسری شادی کا تنازعہ، شوہر نے مشتعل ہوکر دونوں بیویوں کو مار ڈالا
ایبٹ آباد (اے پی پی) ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ د ناڑہ اکھوڑہ میں دوسری شادی کے تنازعہ پر شوہر نے دونوں بیویوں کو قتل کرنے کے بعد نعشیں کھیتوں میں پھینک دیں۔ ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرارہوگیا۔ پولیس نے ملزم کے بھائی اوربھتیجا کو گرفتار کرلیا ہے۔ مقتولین کے لواحقین کی رپورٹ پر تھانہ مانگل میں مقدمہ درج کرکے پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ماجد نے 8سال قبل عائشہ سے شادی کی اورایک ماہ قبل ثمن اقبال سے شادی کی۔ دونوں خواتین ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھیں اوران میں آئے روز جھگڑا ہوتا تھا۔ ماجد نامی شخص نے جھگڑوں سے تنگ آکر اپنی دونوں بیویوں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد نعشیں کھیتوں میں پھینک دیں۔ پولیس نے دونوں نعشیں قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کیں۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔