ٹھٹھہ پولیس چیف کا منفرد اظہار یکجہتی، شہید پولیس اہلکار کے کھیت میں فصل کاشت کی
ٹھٹھہ (نیٹ نیوز) ٹھٹھہ میں ضلعی پولیس چیف شبیر احمد سٹھیار نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر ایک شہید پولیس اہلکار اختر بروہی کے کھیت میں چاول کی فصل لگا کر اہلخانہ سے یکجہتی کی دل کو چھو لینے والی منفرد مثال قائم کردی۔ سندھ میں پولیس کے شہداء کی یاد منانے کیلئے 4اگست کو "یوم شہداء پولیس" منانے کا سلسلہ چند برس قبل شروع ہوا تھا، اس موقع پر سندھ پولیس کے مختلف عہدوں کے افسر شہید پولیس ملازمین کے گھروں پر جا کر اہل خانہ اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ افسروں کی جانب سے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو تحائف دیئے جاتے ہیں اور شہداء کی فیملی کو رنگارنگ تقاریب میں مدعو کرکے ان سے اپنائیت کا احساس دلایا جاتا ہے۔