ایشین انڈر 23 والی بال چیمپئن شپ‘پاکستان کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم نے تیسری ایشین انڈر 23 والی بال چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ میانمار میں تین سے گیارہ اگست تک جاری رہنے والی چیمپیئن شپ میں پاکستان ٹیم نے گذشتہ روز بحرین کے خلاف تین صفر سے کامیابی اپنے نام کی۔ پاکستان ٹیم نے بحرین کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے دونوں سیٹوں میں 25-21 سے کامیابی اپنے نام کی جبکہ تیسرے سیٹ میں پاکستان کی کامیابی کا سکور 25-15 رہا۔ بحرین ٹیم نے بھی پاکستان کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی تاہم پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے اچھی اٹیکنگ اور بلاکنگ کی وجہ سے قومی ٹیم کو کامیابی نصیب ہوئی۔ پاکستان ٹیم گروپ میں اپنا آخری لیگ میچ آج بروز پیر کو چائینز تائپے کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کی خاص بات یہ ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی عمر بیس سال سے کم ہے جو پاکستان کا مستقبل ہیں۔ امید ہے کہ ہماری ٹیم سینئر لیول پر بھی ایسی ہی کامیابیاں سمیٹے گی۔ ہمارے کھلاڑیوں کی تمام توجہ کھیل پر مرکوز ہے اور توقع ہے کہ پاکستان ٹیم چیمپیئن شپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرئے گی۔