قومی ہاکی چیمپئن شپ ‘نیشنل بینک ‘سوئی سدرن کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیشنل بینک اور سوئی سدرن کی ٹیمیں 65ویں ایئرمارشل نورخان قومی ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئیں ۔ پہلا سیمی فائنل نیشنل بینک اور واپڈا وائٹ کے مابین کھیلا گیاجوکہ نیشنل بینک نے 1-3 گول سے جیت لیا۔ پہلا کوارٹر برابرا رہا، دوسرے کوارٹر میں نیشنل بینک کے فارورڈ عتیق نے فیلڈ گول کے ذریعہ برتری دلادی، تیسرے کوارٹر میں نیشنل بینک کے بلال قادر نے فیلڈ گول کر کے برتری کو مستحکم کردیا ‘ چوتھے کوارٹر میں بلال قادرایک بار پھر فیلڈ گول کرنے میں کامیاب ہوئے اور نیشنل بینک کو تین گول کی برتری دلا دی ۔ واپڈا وائٹس کاواحد گول شجیع احمد نے کیا۔ دوسرا سیمی فائنل واپڈا کلر اور سوئی سدرن گیس کے مابین کھیلا گیا جو سوئی سدرن نے 1-2 گول سے جیت لیا۔ پہلے کوارٹر میں علیم بلال نے گول کرکے واپڈا وائٹس کو برتری دلائی جبکہ سوئی سدرن گیس کے مبشرنے پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل گول کرکے برتری کا خاتمہ کردیا۔ تیسرے کوارٹر میں مبشر علی نے دوسرا گول کرکے سوئی سدرن ٹیم کو برتری دلا دی جواختتام تک برقرار رہی۔ سیمی فائنل کے مہمانان خصوصی 1984 اولمپکس کے فاتح کپتان منظور جونیئراور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر ستارہ امتیاز ملٹری تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ بھی موجود تھے۔