• news

او آئی سی نیند سے بیدار ہو، عالمی برادری بھارت کی گھٹیا حرکت کا نوٹس لے: خواتین

لاہور (لیڈی رپورٹر) مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین نے کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد کو سلام پیہش کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت کی اس گھٹیا حرکت کا نوٹس لے۔ او آئی سی بھی نیند سے بیدار ہوجائے ، لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو کلسٹر بموںسے نشانہ بنانا مودی سرکار کا وحشیانہ فعل ہے۔ بھارت جنگی جنون میں خطے کا امن تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور ہم بائیس کروڑ پاکستانی انکا مقدمہ لڑ رہے ہیں ۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میں تڑیک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیر ی عوام کے ساتھ کھڑی تھی، ہے اور رہے گی اورکشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ مودی سرکار کے جارحیت پسند عزائم کی پرزور مذمت کرتے ہیں، شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنانا بھارت کا پاگل پن ہے۔ معصوم شہریوں کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنا کر بھارت کا مکروہ اور گھنائونا چہر ہ دنیا کے سامنے ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی ام البنین نے کہا کہ مو دی خطے کے امن کو تباہ کرنے سے بازآ جائے اگر مو دی نے جنگ مسلط کرنے کی کو شش کی تو اسے پاک فوج جو سبق سیکھا ئے گی وہ زند گی بھر نہیں بھو لے گا۔ عا لمی دنیا مقبو ضہ کشمیر میں بھار تی جارحیت کا نو ٹس لے۔ بشریٰ سکندر نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنو ن ہی اس کی تباہی کا سبب بنے گا۔ مو دی قصا ئی نے مقبو ضہ کشمیر میں جو ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ خطے کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ مسلم لیگ ن کی رہنماؤںکرن ڈار، ڈاکٹر فرزانہ نذیر اور زرقا جاوید نے کہا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ مگر اس قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کی خود مختار حیثیت ختم کردی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ حکومت اور اپوزیشن دنیا کو بتادیں کہ کشمیر کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ نکال دی جائے گی۔ یہ بھارت کی بھول ہے مگر وہ کشمیر کا ایک انچ بھی حاصل نہیں کرسکتا۔ کشمیر کشمیریوں کا ہے۔ پیپلزپارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی بیگم بیلم حسنین نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارت کا کلسٹر بم سے حملے، اقوام متحدہ فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی طور پر بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی سرگرمیوں کی روک تھام کی جائے۔ جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی صدر صوبہ وسطی پنجاب ربعیہ طارق نے بھارت کی جانب سے کلسٹر بموں کے استعمال اور مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت ختم کرنے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کی شکست قرار دیا ہے۔ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی بھی منافقت ہے۔ دنیا کو اب چُپ کا روزہ توڑنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم بزرگ کشمیری حریت رہنما علی گیلانی کی آواز پر لبیک کہتی ہے، ہمارے دل اہل کشمیر کے ساتھ دھڑکتے ہیں، خون کے آخری قطرے تک ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی نیند سے بیدار ہوکر اس سنگین صورتحال میں اپنا کردار ادا کرے۔ دریں اثنا کوئین میر ی کالج میں یو م یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ کشمیر کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی بعدازاں طالبات اور اساتذہ نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جبکہ پرنسپل ڈاکٹر عرفانہ مریم کی قیادت میں واک کا انعقاد بھی کیا گیا۔ سمن آباد کالج برائے خواتین میں پرنسپل ڈاکٹر حلیمہ ناز آٖفریدی کی زیر نگرانی تقریب میںمقررین نے کشمیر کی تاریخ، بھارتی درندگی اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے علاوہ انکے خلاف ظلم و جبر اور ناانصافی پرروشنی ڈالی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بعد ازاں کالج گراؤنڈ میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور واک کا اہتمام کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن