ہر پاکستانی 2 پودے لگائے‘ وزیراعظم: سٹیل ملز بحالی کیلئے کوششیں تیز کرنیکی ہدایت
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ/ ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی کم ازکم 2پودے ضرورلگائے، عہد کریں کہ 18اگست تک بڑے بچے سب نے 2پودے لگانے ہیں شجرکاری پاکستان کی ضرورت ہے،پاکستان نے جنگلات میں ساڑھے 6 فیصداضافہ کیا، ہرپاکستانی کم ازکم 2پودے ضرورلگائے، ہمیں درخت لگانے میں نوجوانوں کا تعاون چاہیے ، ہم نے پودے لگانے کا ہدف حاصل کرلیا تو ماحول میں واضح تبدیلی آئیگی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا نوجوان ملک کامستقبل ہیں، پاکستان کووہ ملک بناسکتے ہیں جودنیاکیلیے مثال بنے، 5 سال میں ہم نے کے پی میں ایک ارب درخت لگائے، عالمی تنظیم نے ہماری کوشش کااعتراف کیا، ہم نے طاقت ورٹمبرمافیاکامقابلہ کیااوران کوشکست دی، اگرایک ڈگری سینٹی گریڈبھی گرمی بڑھی تو نوجوانوں کامستقبل مشکل ہوجائیگا، درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئر تیزی سے پگھلنے لگیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک اچھا پاکستان دیناہے توسب کومہم میں شرکت کرنی ہوگی،۔ماحولیاتی آلودگی خطرہ بنتی جارہی ہے ، لاہور میں اب درخت صرف5فیصدرہ گئے ہیں وہاں آلودگی بڑھ رہی ہے، پاک فوج اوراداروں سمیت سب مہم میں بھرپور حصہ لیں گے۔ وزیراعظم عمران خان سے برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل سرنکولیس پیٹرک کارٹر نے پیر کو یہاں وزیراعظم آفس میں ملاقات کی ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات پر گفتگو کی گئی ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت آبی ذخائر کے حوالے سے اجلاس ہوا وزیراعظم نے سندھ اور کراچی میں پانی کے منصوبے کی منظوری دیدی فیصل واوڈا اور چیئرمین واپڈا نے کراچی سمیت سندھ میں پانی کے مسائل کے حل پر بریفنگ دی ۔ وزیراعظم عمران خان نے اسٹیل ملز کی بحالی کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کر دی وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیے مشیر تجارت رزاقی داؤد اور سیکرٹری وزارت صنعت و سیکرٹری نجکاری نے بھی شرکت کی وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سٹیل ملز کو نقصانات سے بچانا اور اس کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ایک منافع بخش ادارے کی تباہی ماضی کی بدانتظامی اور غفلت کی واضح مثال ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت قیدیوں کی معاونت کے لئے قائم کردہ کمیٹی (Prisoners Aid Committee)کا اجلاس ہوا، اجلاس میں بیرسٹر علی ظفر، سیکرٹری داخلہ میجر (ر)اعظم سلیمان خان، ہوم سیکرٹری پنجاب، سندھ، خیبرپختونخواہ، سپیشل ہوم سیکرٹری بلوچستان و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔ وزیرِ اعظم کو کمیٹی کے ضوابطِ کار (ToRs)اور اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ کی، کمیٹی کو ملک بھر میں ان تمام قیدیوں کے کوائف اور تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جو معمولی نوعیت کے جرائم کے باعث جیلوں میں قید ہیں، ان میں کم سن افراد، خواتین اور ستر سال سے زائد عمر کے افراد شامل ہیں۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف طبقات کے لئے مختلف قوانین کا اطلاق جہاں بہت بڑی نا انصافی ہے وہاں ایسی روش معاشرے کے بنیادی ڈھانچے کو کمزور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف جیلوں میں قید بے سہارا اور مالی طور پر کمزور افراد کو معاونت فراہم نہ کرنا ظلم ہے وہاں بااثر افراد کے ساتھ جیلوں میں ترجیحاتی سلوک بھی ناانصافی ہے جس سے قانون کی عمل داری متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ معمولی جرائم میں قید افراد کی داد رسی کے لئے فوری طور پر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزارت اطلاعات ونشریات اور اس کے ذیلی اداروں کی ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق، سیکرٹری اطلاعات، چیئرمین اور ایم ڈی پی ٹی وی، اور سینئر افسران کی شرکت۔وزیراعظم کو وزارت اطلاعات ونشریات اور اس کے ذیلی اداروں بشمول پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویژن، اے پی پی اور دیگر اداروں کی ایک سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔