• news

نیب نے مریم نواز کے گرد گھیرا مزید تنک کر دیا‘ شیئرز منتقلی پر 8 اگست کو وضاحت طلب

لاہور( این این آئی )چوہدری شوگر مل کیس میں نیب نے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب مریم نواز کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا ،سامنے آنے والے شواہد بارے مریم نواز سے وضاحت طلب کر تے ہوئے غیر ملکی شیر ہولڈرز کی جانب سے شیئرز کی منتقلی کی تفصیلات پر بھی وضاحت مانگی گئی ہے ۔نیب کے مطابق سعید سیف بن جابر الساویدی کی جانب سے 94 لاکھ 8 ہزار 90 ،شیخ ذکاء الدین کی جانب سے 20 لاکھ 21ہزار 760 ،ہانی احمد جام کی جانب سے 97ہزار 33 شیئرز مریم نواز کو منتقل ہوئے اوران تمام شیئرز کی منتقلی 21 مئی 2008 کو کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔نیب تحقیقات میں سامنے آنے والی غیر ملکی رقوم کی وضاحت اور تفصیلات مانگی گئی ہے ۔نیب کی تحقیقات کے مطابق گارڈن ٹائون کے نجی بینک میں کروڑوں روپے منتقل کئے گئے۔ یکم فروری 2008ء کو 78 لاکھ 87 ہزار 914 روپے،11 جون 2008 کو اسی بنک اکائونٹ میں 1 کروڑ 91 لاکھ ،20 جون 2008 کو ایک بار پھر اسی اکائونٹ میں 1 کروڑ 49 لاکھ 12 ہزار 280 روپے بیرون ملک سے منتقل ہوئے ۔اسی طرح جاتی امراء کے قریب شریف ایجوکیشن کمپلیکس میںواقع ایک نجی بنک میں بھی بیرون ملک سے مریم نواز کے نام رقم کی منتقلی کا نیب نے سراغ لگایا ہے ۔اس بنک اکائونٹ میں 28 دسمبر 2016 کو 99 لاکھ 71 ہزار 17 روپے کی رقم منتقل ہوئی۔نیب نے اپنی تحقیقات میں مریم نواز کے نام بیرون ممالک سے منتقل ہونے والی منتقل ہونے والی 5 کروڑ 18 لاکھ 96 ہزار 135 روپے کی خطیر رقم کی تفصیلات کا کھوج لگا یا ہے۔نیب کی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے مریم نواز کو بیرون ممالک سے منتقل ہونے والی رقوم کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سینکڑوں کینال زمینوںکی تفصیلات بھی حاصل کر لی ہے۔چار مختلف موضع جات میں 1 ہزار 496 کنال اور 12 مرلے زمین کی خریداری بھی کی گئی ۔نیب کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے مطابق موضع سلطانکے میں 1087 کنال 6 مرلے زمین خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔اسی طرح موضع مل میں 333 کنال 3 مرلے ،موضع بدوکی سانی میں 62 کنال 2مرلے اور موضع اصل لکھوال میں 14 کنال 1 مرلہ زمین خریدی گئی ۔نیب حکام کی جانب سے ان تمام جائیدادوں کی اصل مالیت ذرائع خریداری سمیت زمین کی سابقہ مالکان کی تفصیل بھی مانگ لی گئی ہے۔نیب نے اس سوال کی وضاحت بھی مانگی ہے کہ مریم نواز نے 70 لاکھ شیئر زیوسف عباس کو منتقل کئے یہ شیئرز20جولائی2001ء میں یوسف عباس نے نصیر عبداللہ کو ٹرانسفر کیے اور بعد ازاں یہ شیئرزحسین نواز کو منتقل کر دئیے گئے ۔نیب نے 8 اگست لو مریم نواز سے ان شیئرزکی رسیدیں،رقم کی ادائیگی اور معاہدے کی تفصیلات بھی ساتھ لانے کا کہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن