مسلم لیگ ن کے کچھ دوست اچھے نہیں، چاہتے ہیں اپوزیشن متحد نہ رہے: زرداری
اسلام آباد (نمائندہ خصرصی+نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ کے خلاف عدم اعتماد تحریک میں ناکامی کی وجوہات جاننے کیلئے پیپلز پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے تحقیقات کیلئے ٹی او آرز طے کر لئے۔ یوسف رضا گیلانی کے زیر صدارت کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں سعید غنی، نیئر حسین بخاری، فرحت اللہ بابر اور صابر بلوچ نے شرکت کی۔ دوسری جانب آصف زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر منحرف سینیٹرز کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ منحرف ہونے والے سینیٹرز کے خلاف ایکشن ہوگا۔ مسلم لیگ ن کے کچھ دوست اچھے نہیں ہیں، وہ دوست چاہتے ہیں اپوزیشن ساتھ نہ رہے۔ سینیٹرز کتنے منحرف ہوئے میں تو شک ہی کر سکتا ہوں، کوئی بھی ماحول خراب نہیں کرنا چاہتا۔ کچھ دوست ایسے ہوتے ہیں جن کے پر کہیں اور سے ہلتے ہیں۔ ابھی بھی اپوزیشن کے پاس اتنے ہی ووٹ ہیں۔ میں نہیں سمجھتا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والے کچھ نام درست ہوں گے۔ اگر کچھ نام ہمیں پتہ چلے تو ان سینیٹرز کے خلاف ضرور ایکشن ہوگا۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحقیقات کو ان کیمرہ رکھا جائے گا۔ اجلاس میں ان طریقہ کار پر تبادلہ خیالات کیا گیا جن کے ذریعے لوٹا ارکان کا قطعی انداز میں پتہ لگایا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کو مکمل کرنے میں دو سے تین ہفتے لگ جائے گے، اور اس کی رپورٹ چیئرمین پارٹی کو دینے سے قبل پبلک نہیں کیا جائے گا۔ دریں اثنا آج بلاول بھٹو زرداری سے اس حوالے سے سوال بھی کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے تحقیقات کے لئے جو کمیٹی بنائی تھی اس کا پہلا اجلاس ہو گیا ہے اور اب مسلم لیگ ن کو چاہئے کہ وہ بھی کچھ کرے۔