• news

کرکٹ کمیٹی: سرفراز احمد کو ٹیسٹ‘ ون ڈے کی کپتانی سے ہٹانے کی سفارشات

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی نے اپنی حتمی مشاورت مکمل کر کے چیئرمین پی سی بی کو اپنی سفارشات پیش کر دی ہیں۔ چیئرمین پی سی بی اگلے چند روز میں سفارشات کا جائزہ لیکر فیصلوں کا اعلان کرینگے۔ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ وسیم خان نے گذشتہ روز کمیٹی کے دیگر ارکان کے ساتھ رابطہ کیا اور 2 اگست کو ہونے والے اجلاس کی تجاویز کو ملا کر سفارشات تیار کر کے انہیں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو پیش کر دی ہیں۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ 2 اگست کو کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کوچ اور کپتان کے درمیان کسی قسم کا اختلاف سامنے آیا تھا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سمیت کپتان اور دیگر مینجمنٹ میں سلیکشن کمیٹی شامل ہے کا تقرر کرنا چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا استحقاق ہے۔ چیئرمین احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کو مکمل بااختیار بنایا تھا کہ وہ اپنی آزاد حیثیت سے اپنی سفارشات تیار کرے۔ ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے کے اختتام تک امکان ہے کہ سلیکشن کمیٹی، ٹیم مینجمنٹ اور کپتان کا تقرر کر دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹانے کی سفارشات تیار کرکے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھجواد ی گئی ہیں ۔ بلے باز اظہر علی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کیلئے مضبوط امیدوار ہیں ۔ سرفراز احمد کو آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھنے کی بھی سفارش کی گئی ہے ۔ ون ڈے کپتان کیلئے بھی مختلف ناموں پر غور کیا جارہا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن