• news

کشمیریوں سے یکجہتی، ملک بھر میں ریلیاں، وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ، امریکہ، بنگلہ دیش، کینڈا میں بھی احتجاج

لاہور‘ راولپنڈی‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ ساہیوال‘ بہاولپور (وقائع نگار خصوصی‘ نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) ملک بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے گزشتہ روز تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ مختلف شہروں میں ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے جبکہ پنجاب بھر میں وکلاء نے عدالتی بائیکاٹ کیا۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مذمتی قرارداد منظور کی۔ پنجاب بار کونسل کا اجلاس بھی ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ بھارت کا مقبوضہ کشمیر کا ریاستی درجہ ختم کرنے کے خلاف وکلاء نے بھی ہڑتال کی۔ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہائیکورٹ سمیت پنجاب بھر میں وکلا نے عدالتی بائیکاٹ کیا۔ پنجاب بار کونسل کی کال پر پنجاب کے وکلاء نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ پنجاب بار کونسل کے ممبران کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے دکھ میں برابر کے شریک اور کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پنجاب بارکونسل کا مزید کہنا ہے کہ صوبے بھر کے وکلاء کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے ہیں۔ کشمیر میں کئے جانے والے بھارتی اقدامات قابل مذمت ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور پنجاب بار کونسل، نے مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت کے خاتمے کے بھارتی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ بار کی مذمتی قرارداد کو عالمی عدالت انصاف، اور عالمی فوجداری عدالت میں بھجوایا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیرکی خود مختار حیثیت کے خاتمے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ بار کے جنرل ہاؤس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں موجود شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت کے خاتمے کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کرلی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مذمتی قرارداد کو عالمی عدالت انصاف، اور عالمی فوجداری عدالت میں بھجوایا جائے گا، قرار داد میں کہا گیا کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پراجاگرکرنے کیلئے دنیابھر میں فوری وفود بھیجے۔ مودی پاگل پن کا شکار ہے ایسے پاگل سے نمٹنے کے لئے ہوش مندی کی ضرورت ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور ہائیکورٹ بار حفیظ الرحمن چوہدری، سیکرٹری بار فیاض احمد رانجھا نے کہا حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے۔عالمی طاقتیں خاموشی توڑیں اور مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار اداکریں۔ احمد اویس، اعظم نذیر تارڑ ، اللہ بخش گوندل، چوہدری ذوالفقار علی، احسان وائیں، عبدالرشید قریشی اور میاں محمد احمد چھچھر نے بھی خطاب کیا۔ چودھری شاہنواز اسماعیل گجر وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل‘ منیر حسین بھٹی ممبر ایگزیکٹو کمیٹی‘ محمد ناصر جوئیہ‘ داؤد احمد وینس‘ قوسین فیصل مفتی اور سید انتظار مہدی شاہ ممبران پنجاب بار کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب بار کونسل‘ مقبوضہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ جماعت اسلامی بہاول پور کے زیر اہتمام کشمیری مسلمانوں سے اظہار یک جہتی اور بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت امیر ضلع سید ذیشان اختر اور امیر شہر پروفیسر سعید احمد نے کی ریلی دفتر جماعت اسلامی سے فرید گیٹ تک نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید ذیشان اخترنے کہاہے کہ حکومت او آئی سی کا اجلاس بلا کر مسلم ممالک کی طرف سے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن دے۔ حکمرانوں کو مسئلہ کشمیر کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا اور مذمتی بیان سے آگے بڑھنا ہوگا پاکستانی قوم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ امیر شہر پروفیسر سعید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے عالمی برادری خاص طور پر عالم اسلام کو خبر دار کیاہے کہ بھارت کشمیر میں بڑے پیمانے پر مسلمانوں کا قتل عام کرنے جارہاہے۔ مسئلہ کشمیر کا ایک ہی حل ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔ ریلی سے جے آئی یوتھ کے صدر اسامہ ایاز، اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم شہر حمزہ چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ ساہیوال میں آصف محمود ایڈوکیٹ امیر جماعت اسلامی ساہیوال نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیلئے نکالی گئی ریلی کے شر کاء سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس مو قع پر رفیق رشید جنرل سیکرٹری ،چو ہدری عثمان حیدر صدر جے آئی یو ضلع ،حافظ ابوبکر صدر جے آئی یو سٹی ،حافظ ذیشان ،قاری شبیر احمد قصوری،عبد الرحمن صفدر،قمر بلوچ،رانا شعیب اور زوہیب امجدکے علاوہ شر کاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہ دبایا جا سکا ہے نہ دبایا جا سکے گا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سوسائٹی فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام یکجہتی کمشیر کے حوالہ سے میونسپل کمیٹی سے شروع ہو کر شہباز چوک تک اختتام پذیر ہوئی‘ ریلی کی قیادت فادر شفیق‘ صدر سوسائٹی فار ہیومن ڈویلپمنٹ ایوب انجم‘ ایکسین بلدیہ چودھری شبیر حسین اور صدر سی بی اے یونین میونسپل کمیٹی میاں عابد دستگیر نے کی جس میں بلدیہ ملازمین‘ سیاسی‘ سماجی اور مسیحی مذہبی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ صدر سوسائٹی فار ہیومن ڈویلپمنٹ ایوب انجم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم بھارت کے کشمیر تقسیم فیصلے کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور ہم کشمیری بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ راولپنڈی ڈویژن میں وکلاء نے کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وکیل نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں بھارتی اقدام کا نوٹس لیں۔فیصل آباد میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے کشمیربارڈر پر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف چنیوٹ بازار چوک سے گھنٹہ گھر تک احتجاجی مارچ کیا۔ مارچ کی قیادت ضلعی امیر انجینئر محمد عظیم رندھاوا، رائے ندیم الرحمان، شیخ افضال شاہین، عمر فاروق گجر، رانا عدنان، میاں اعجازحسین، سیدمہدی موسوی اوردیگر نے کی۔ کارکنوں نے قابض بھارتی افواج اور مودی کے خلاف شدیدنعرہ بازی کی۔ مارچ کے اختتام پر چوک گھنٹہ گھر میں خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیرعظیم رندھاوا نے کہا کہ بھارت نے یک طرفہ طو ر پر جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ کشمیر کی تقسیم قابل قبو ل نہیں۔ ہم کسی صورت بھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ نئی صورتحال میں خطے میں جنگ کی آگ بھڑک سکتی ہے اور پھر یہ جنگ کسی ایک علاقے یا خطے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ شہر بھر سے جماعت اسلامی، جے آئی یوتھ اور برادر تنظیمات کے کارکنوں نے زونل امراء کی قیادت میں جلوسوں کی شکل میں مارچ میں شرکت کی۔ پی پی 97 سے آنے والے جلوس کی قیادت چوہدری محمد اسلم، پی پی 98 سے حکیم سید محفوظ محسن گیلانی، پی پی 106 سے میاں عابد عثمان، پی پی 107سے میاں منیر احمد، پی پی 108 سے مرزا عبدالخالق ایڈووکیٹ، پی پی 109سے پروفیسر مظہر نعیم رندھاوا، پی پی 110سے چوہدری عمر فاروق، پی پی 111 سے چوہدری محمد ارشد، پی پی 112سے رائو نصرت علی، پی پی 113سے رانا طہٰ خان، پی پی114سے میاںعبدالستاربیگا، پی پی 115سے میاں اجمل حسین بدر ، پی پی 116 سے نعمان احسن ملک اورپی پی 117سے عمران رشید نے کی۔لاہور میں جماعت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام چوک دالگراں میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کی بھارتی سرکار کے خلاف شدید نعرہ بازی۔ مودی کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالغفار روپڑی نے کی۔ ان کے علاوہ مرکزی رہنما مولانا عبدالوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا عبدالوحید شاہد، مولانا پروفیسر عبدالمجید، سلمان عابد روپڑی، مولانا عبدالوحید روپڑی و دیگر نے مظاہرین سے خیالات کا اظہار کیا۔ حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ کشمیریوں کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پاکستانی قوم کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں نہتے مسلمانوں اور بے گناہ کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ کر حق خودارادیت کی آواز دبانا چاہتا ہے مگر اس کے ناپاک اور بزدلانہ عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے ملک بھر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ پرعزم ہے۔ عبدالوہاب روپڑی اور مولانا شکیل الرحمن ناصرو دیگر رہنمائوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی قابل تشویش ہے۔ بھارتی ہٹ دھرمی کا سختی سے نوٹس نہ لیا گیا تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ بھارتی پنجاب کی یونیورسٹی لاہور میں بھی طلباء نے مقبوضہ کشمیر پر مودی کی جارحیت کیخلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے سکھ فوجیوں سے کشمیریوں پر گولی نہ چلانے کی اپیل کی۔ لورالائی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے زیر اہتمام انڈیا مردہ باد اور کشمیر زندہ باد ریلی کا انعقاد زیر قیادت باپ کے ضلعی قائدین اصغر خان اتمانخیل ملک نورا خان علیزئی ملک ساٹکی حمزہ زئی عبدالصمد شبوزئی، عبدالمنان اتمانخیل، سرداریحیحی خان جوگیزئی منعقد کیا گیا جوکے شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا عبدالرحیم خان کلب پر اختتام پذیر ہوا اور اس موقع پر مودی اور انڈیا کے پتھلے بھی نظر اتش کئے گئے۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے باپ کے صوبائی راہنما اصغر خان اتمانخیل نے کہا کے انڈیا نے عالمی قوانین اور خود اپنے بنائے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر کی جداگانہ حیثیت ختم کرکے کشمیروں کے ساتھ ظلم کیا ہے۔ اس موقع پر انڈیا مردہ باد کشمیر اور پاکستان زندہ باد اور پاک افواج زندہ باد کے زبردست نعرے بازی کی گئی۔ دریں اثنا پاکستان بار کونسل نے8اگست کو ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن