لاہور سمیت پنجاب‘ خیبر پی کے اور آزادکشمیر کے مختلف شہروں میں شدید زلزلہ
اسلام آباد ، لاہور ، پشاور ،مظفر آباد‘لالیاں‘چنیوٹ‘کمالیہ (نامہ نگار‘نمائندہ خصوصی+صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام‘ لاہور آباد سمیت پنجاب، خیبر پی کے اور آزادکشمیر کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ،زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.9ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن افغانستان تھا ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، حافظ آباد،لالیاں‘کمالیہ‘ خوشاب، میانوالی،کلور کوٹ، سرگودھا، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،قصور،شاہ کوٹ ، چکوال ،نارروال ، پنڈدادن خان،پشاور، مہمند، چارسدہ،بنوں،مالاکنڈ ، کوہاٹ،سوات، مینگورہ، لکی مروت ، راولاکوٹ ،ہزارہ ڈویژن ، آزاد کشمیر سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں 5.9 شدت کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ،جبکہ زلزلے کی گہرائی 279 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کہ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے صبح 5 بج کر 46 منٹ پر محسوس کیے گئے جس کے خوف سے لوگ نیند سے اٹھ کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔