قصور کیلئے صحت انصاف کارڈ کا افتتاح، پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے: عثمان بزدار
لاہور+ قصور (نیوز رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چھانگا مانگا میں مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ اس موقع پر فارسٹ پارک میں 5سو طلبہ نے بھی شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے۔ وزیراعلی نے شہریوں میںہیلتھ کارڈ تقسیم کر کے ضلع قصور کیلئے صحت انصاف کارڈ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قصور میں 2لاکھ 72ہزار خاندان اور 11لاکھ افراد ہیلتھ کارڈ سے مفت علاج کرائیںگے۔ ضلع بھر کے 32فیصد عوام کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت میسر ہوگی۔ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے لوگ عزت و احترام سے مستفید ہوں گے۔ قصور میںسالانہ ترقیاتی پروگرام میں ساڑھے 19 ارب روپے کی لاگت سے 126 ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شامل ہیں۔ چھانگا مانگا میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹی ڈی سی پی ریزارٹ کی تعمیر و توسیع کی جائے گی۔ قصور میں واٹر سپلائی کی نئی سکیمیں شروع کی جائیں گی۔ دریائے ستلج کے ساتھ چونیاں کے علاقے میں فتح محمد بند اور لالو گدر بند کی ری ماڈلنگ کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور اور پتوکی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ قصور میں نئی یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ پتوکی میں نیا تحصیل کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ درخت لگانا قومی فریضہ ہی نہیں، سماجی اور مذہبی اقدار میں بھی شامل ہے۔ شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے حصے کا پودا ضرور لگائیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔ مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنا مودی سرکار کا غیرقانونی اقدام ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیر پر متنازعہ اقدام کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں۔ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی آخری حدیں عبور کرچکی ہے۔ بھارت جان لے کہ کشمیر کے معاملے پر پوری پاکستانی قوم یکجا ہیں۔ آج بھی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کل بھی کھڑے رہیں گے۔ کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے۔ عثمان بزدار نے جھنگ کے علاقے جلال آباد میں بارہ سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جھنگ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھوانہ کے قریب چنیوٹ روڈ پر ٹریفک کے افسوسناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔