• news

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے 4 رکنی سکیورٹی وفد کا دورہ پاکستان مکمل

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس+ نمائندہ خصوصی) سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چار رکنی وفد لاہور کا دورہ مکمل ہو گیا آج کراچی سے واپس سری لنکا روانہ ہو جائیگا۔ وفد نے دورہ لاہور کے موقع پر سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر سمیت قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا۔ موہن ڈی سلوا کی قیادت میںسکیورٹی وفد نے سیف سٹی کا دورہ جہاں پولیس افسران نے سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ بعد ازاں سکیورٹی وفد پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی سٹیڈیم پہنچا جہاں چیئرمین پی سی بی احسان مانی سمیت ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ذاکر خان نے انہیں خوش آمدید کہا۔ سری لنکن وفد نے دورہ قذافی سٹیڈیم کے موقع پر ڈریسنگ روم سمیت سٹیڈیم کے مختلف حصوں کا بھی جائزہ لیا۔ قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سری لنکن بورڈ موہن ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اداروں کی بریفنگ اچھی تھی، سفارشات سری لنکن بورڈ کو پیش کریں گے۔ سکیورٹی وفد نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے بھی ملاقات کی ،، وفد آج صبح کراچی روانہ ہوگا جہاں سے واپس اپنے وطن جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کا مجوزہ شیڈول سری لنکن حکام کو بھجوادیا ہے جس کے مطابق پہلا ٹیسٹ کراچی میں یکم سے 5 اکتوبر تک جبکہ لاہور میں دوسرا ٹیسٹ 9 سے 13 اکتوبر تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سری لنکن ٹیم کراچی ٹیسٹ سے تین روز قبل پاکستان آئے گی۔

ای پیپر-دی نیشن