• news

دنیا کو کشمیر پر بھارتی مظالم سے آگاہ کرینگے: وفاقی کابینہ

اسلام آباد، لاہور (وقائع نگار خصوصی، نمائندہ خصوصی، سپورٹس رپورٹر) وفاقی کابینہ نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے سے متعلق یکطرفہ بھارت اقدام کے بعد بھارت کے ساتھ دو طرفہ تجارت معطل کرنے کی منظوری دے دی ۔ وفاقی کابینہ نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے اور اس پر فوری عملدرآمد کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے بھارت کے ساتھ دو طرفہ تجارت معطل کرنے کے فیصلے، وزارت ریلوے کی جانب سے سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ یہ بات وزیر اعظم کی خصوصی معاون برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہی جو جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے تناظر میں خطے کی صورتحال سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کے اہم اجلاس میں بھارت سے دوطرفہ تجارت کو معطل کرنے اور سفارتی تعلقات کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارت سے تعلقات پر نظر ثانی اور تجارت معطل کرنے سمیت 5 اہم فیصلے کیے گئے تھے۔ بعدازاں پاکستان نے سفارتی تعلقات محدود کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو ملک چھوڑنے کا حکم بھی دیا تھا۔ وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد وزارت تجارت نے پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تجارت معطل کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔وزارت تجارت سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بھارت کے ساتھ دو طرفہ تجارت فوی طور پر معطل کی جاتی ہے جو تاحکمِ ثانی معطل رہے گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دو طرفہ تجارت کی معطلی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے پر ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گا اور اپنے موقف پر قائم رہے گا۔ پارلیمانی قرارداد کے تناظر میں مسئلہ کشمیر پر مختلف فوکل گروپ بنادیے گئے ہیں۔گزشتہ شب اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان دیا وہ نہتے کشمیریوں پر مظالم اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے قومی بیانیے اور کشمیریوں کی آواز کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کسی جگہ پر بھی لچک نہیں دکھائے گا اور اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا جو مسئلہ کشمیر اور پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے بنیادی ایجنڈا اور قومی بیانیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اقوام متحدہ کے بیان کو سراہا اور وزیراعظم کے وژن کو خراج تحسین پیش کیا کہ پوری دنیا نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ اس ملک کی بہتری، قومی سلامتی، ملک کے دفاع کے لیے اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے مسئلے کو جس انداز سے جس فورم پر اپنی ٹیم اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد جو بھی ترجیحات ترتیب دیں گے کابینہ ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں صفائی مہم کے لیے وزیراعظم نے ایف ڈبلیو او کو ذمہ داری دی تھی کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر انفراسٹرکچر کی بہتری سے متعلق مںصوبہ پیش کریں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کراچی میں سالہا سال سے نکاس آب کا نظام خراب ہونے کی وجہ سے ماحول، صحت اور وہاں کی عوام کو درپیش چیلنجز کا سامنا ہے۔معاون خصوصی نے بتایا کہ اجلاس میں کراچی کے گندے نالوں میں اتر کر کچرا صاف کرنے والے رضاکاروں کو خصوصی ایوارڈ دیے جانے کی تجویز دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے گزشتہ کابینہ اجلاس میں ہر وزارت کو مستحق، پسماندہ اور معذور افراد کی بہتری کے لیے تمام وزارتوں کو اقدامات پیش کرنے کا حکم دیا تھا جنہیں ہر اجلاس میں زیرِ غور لایا جائے گا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت اس سلسلے میں 10 اقدامات پیش کیے گئے، جن کا مرحلہ وار افتتاح کیا جائے گا، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم تمام مسائل کی جڑ ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ ماڈل ٹھیلے کے منصوبے سے بیروزگاری ختم ہونے میں مدد ملے گی، معیاری کھانا ملے گا اور جہاں وہ موجود ہوں گے اس جگہ کی ثقافت کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت خصوصی اقدامات کررہی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ریلوے اسٹیشنز پر خواتین کے لیے خصوصی طریقہ کار تیار کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دیہات اور شہروں میں کچرا اٹھانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے جن کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت نوجوانوں اور مزدوروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔معاون خصوصی نے کہاکہ کلین کوکنگ اسٹورز کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے، دیہاتوں میں اپلوں اور لکڑیوں کے ذریعے کھانا پکاتے ہیں جو ان کی صحت اور ماحول کے لیے نقصان دہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پناہ گاہ کی طرز پر لنگر پروگرام منظور کیا گیا ہے تاکہ کوئی شخص بھوکا نہیں سوئے، اس لیے شہروں، تحصیل اور ضلع کی سطح پر لنگر خانے کھولے جائیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 155 تحصیلوں میں بیت المال کے دفاتر ہیں اور 385 ڈی آئی ایس پی کے دفاتر ہیں ایک طریقہ کار کے ذریعے لنگر خانے قائم کیے جائیں گے جس میں ہسپتالوں کے مریضوں اور ان کے لواحقین کو کھانے کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی۔معاون خصوصی نے کہا کہ طویل المدتی مزدور احساس پروگرام کے تحت عام مزدور کو باقاعدہ ملازم کے تحت رجسٹر کرنے اور ای او بی آئی پروگرام کے تحت حقوق کی فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم نے اخبار فروشوں کو بھی اس پروگرام میں شامل کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کے ڈھانچے میں ازسرِ نو تبدیلی کے لیے کابینہ نے منظوری دی ہے اور 40 سال بعد کرکٹ کا ڈھانچہ تبدیل ہوا ہے اور علاقائی کرکٹ کی جانب واپس آئے ہیں جس میں نابینا، معذور افراد اور خواتین کی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی منظوری دے دی گئی، پاکستان فرسٹ کلاس کرکٹ کا نیا اسٹرکچر بھی عید کے بعد لاگو ہوگا۔ جمعہ کو وفاقی کابینہ نے پی سی بی 2019 کے آئین کی منظوری دیدی ،نئے آئین کے تحت چیئرمین اورچیف ایگزیکٹوکے اختیارات علیحدہ کردیے گئے ہیں،نئے آئین کے تحت 16ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز 6کرکٹ ایسوسی ایشنزمیں تبدیل کی گئی ہیں، 6 کرکٹ ایسوسی ایشنزمیں بلوچستان،سینٹرل پنجاب،خیبرپختونخواکرکٹ ایسوسی ایشنز، 6کرکٹ ایسوسی ایشنزمیں ناردرن،سدرن پنجاب اورسندھ شامل ہیں،پی سی بی بورڈآف گورنرز 11 ارکان پرمشتمل ہوگا ،4 آزادڈائریکٹرزمیں ایک خاتون کاہونالازمی ہوگا،سیکرٹری آئی پی سی اورچیف ایگزیکٹوبھی بورڈآف ڈائریکٹرزکاحصہ ہوں گے ۔، نئے آئین کے مطابق تین صوبائی نمائندے گورننگ بورڈ کا حصہ ہوں گے۔پی سی بی کے نئے آئین کے مطابق گورننگ بورڈ میں پیٹرن کے 2 نمائندے شامل ہوں گے، 4 آزاد ڈائریکٹرز پی سی بی گورننگ بورڈ کا حصہ ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق 4 آزاد ڈائریکٹرز میں ایک خاتون ڈائریکٹر کا ہونا لازمی ہوگا، سیکریٹری آئی پی سی، بورڈ چیف ایگزیکٹو بھی گورننگ بورڈ کا حصہ ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے آئین میں ڈپارٹمنٹس کی جگہ اب صوبائی ٹیمیں ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ ہوں گی۔نئے آئین کے تحت پنجاب، جنوبی پنجاب، سندھ، کے پی کے، بلوچستان اور کیپٹل ایریاز کے نام سے 6 ٹیمیں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کھیلیں گی اور ہر ریجن کی ایک ایک ٹیم گریڈ 2 ٹورنامنٹ میں کھیلے گی جس کے میچ تین روزہ ہوں گے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈپارٹمنٹل سسٹم کی مخالفت کرتے ہوئے آسٹریلوی طرز کا ڈومیسٹک کرکٹ کا سسٹم لانے کا اعلان کیا تھا۔کابینہ نے ایس ای سی پی کے چیئرمین فرخ سبز واری اورپالیسی بورڈ کے چیئر مین خالد مرزا کو انکے عہدوں سے ہٹا دیا ہے ،عامر خان کو ایس ای سی پی کا نیا چیئرمین اور مسعود نقوی کو پالیسی بورڈ کا نیا ء چیئرمین تعینات کیا گیا ہے،وزارت خزانہ اس بارے میں نوٹیفیکشن جاری کرئے گی ،ایس ای سی پی کے نئے چیئرمین عامر خان بینکنگ اور کارپوریٹ سیکٹر کا 30سال کا تجربہ رکھتے ہیں،وہ اس سے قبل سٹیندرد اینڈ چارٹر بینک،ایکسپریس بینک میں کا م کر چکے ہیں ،جبکہ اس وقت ایس ای سی پی میں ہی کمشنر سپیشلائزڈ کمپنیز اورآئی ٹی کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ، ادارے کے ترجمان کی حیثیت سے بھی کام کر رہے تھے ،پالیسی بورڈ کے نئے چیئرمین سید مسعود نقوی اکائوٹینٹ ہیں ،وہ کے پی ایم جی کے سینئر پارٹنر بھی رہے ،وہ اس وقت ایف بی آر میں اصلاحات پر عمل درآمد کرانے والی کیمٹی کے ممبر کے طور پر کام کر رہے تھے ، وہ آئی کیپ کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں ،ذرائع نے بتایا ہے کہ فرخ سبز واری کو مشیر خزانہ کی سفارش پر ہٹایا گیا ہے ،گزشتہ کچھ عرصے سے سٹاک مارکیٹ تنزل کا شکار ہے،مشیر خزانہ نے سٹاک مارکیٹ کے لئے ایک فنڈ کا اعلان کیا تھا ،فرخ سبز واری اس کے بھی مخالف تھے۔خالد مرزا ایس ای سی پی کے بانیوں میں شمار کئے جاتے ہیں ،ان کو ہٹانے کی وجہ ان کی سخت گیری بتائی گئی ہے، ان کی ہدایت پر بہت سی فیسوں کو ختم کیا گیا جس سے ادارے میں آمدن متاثر ہوئی، وہ اصلاحات پر تیزی سے عمل کرنا چاہتے تھے جسے ادارے میں مداخلت کہا جا رہا تھا ۔ وزیراعظم نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر محمد امجد کو عہدے سے ہٹا دیا۔ وزیراعظم کے سیکرٹری اعظم خان نے ڈاکٹر محمد امجد کو ہٹانے کی سمری پر دستخط کر دیئے، گریڈ 20 کے ڈینٹل سرجن ڈاکٹر انصر کو ای ڈی پمز ہسپتال کی ذمے داری سونپ دی گئی۔ وزارت صحت ریگولیشن نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان سے ورلڈ ٹورازم فورم کے وفد نے بولوت بیگسی (صدر ایگزیکٹو بورڈ ورلڈ ٹورازم فورم) کی سربراہی میں ملاقات کی، جس میں معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2020ء میں ورلڈ ٹورازم فورم کا انعقاد پاکستان میں کیا جائے گا، پاکستان میں منعقد ہونے والے فورم میں تقریبا ایک ہزار غیر ملکی مندوبین شرکت کریں گے ، فورم کی کاروائی پانچ دن جاری رہے گی، وزیر اعظم نے وفد کو پاکستان میں سیاحت کے مواقع کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا- وزیر اعظم نے کہا کہ سیاحت کے مختلف شعبوں مثلا ماؤنٹین ٹورازم، مذہبی ٹورازم، ساحلی سیاحت و دیگر شعبوں میں بے انتہا استعداد موجود ہے جس کو بروئے کار لانے پر توجہ دے رہے ہیں،ماضی میں سیاحت کے فروغ پر کوء توجہ نہیں دی گئی،موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے بھرپور کوششیں کر رھی ہے ،سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں اس بات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے کہ قدرتی حسن اور ماحولیات کے تحفظ اور سماجی اقدار کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے ، بلوچستان کے ساحلی علاقوں پر آٹھ نئے سیاجتی مقامات بنائے جائیں گے۔وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں قائم مختلف خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز، صوبائی سیکریٹری صاحبان اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے، ملک کے مختلف حصوں میں قائم مختلف خصوصی اقتصادی زونز کی موجودہ صورتحال، زونز میں قائم ہونے والی صنعتوں کے لئے ضروری سہولیات کی فراہمی اور ان کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے خصوصی اقتصادی زونز میں قائم ہونے والی صنعتوں کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات پر خصوصی بریفنگ دی گئی، وزیرِ اعظم عمران خان نے خصوصی اقتصادی زونز کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی زونز کی جلد از جلد فعالیت اور ان میں بجلی، گیس، پانی اور روڈ انفراسٹرکچر جیسی مختلف سہولتوں کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے، خصوصی اقتصادی زونز کی فعالیت نہ صرف صنعتی عمل کو تیز کرنے اور کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لحاظ سے اہم ہے بلکہ اس سے نوجوانوں اور ہنرمندوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی، وزیرِ اعظم نے خصوصی اقتصادی زونز کی فعالیت اور ان میں سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ اداروں کے مابین موثر روابط کو یقینی بنانے کے لئے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی کو فوکل پرسن مقرر کر دیاہے ،چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ خصوصی اقتصادی زونز میں بجلی، گیس، پانی و دیگر سہولتوں کی دستیابی کے سلسلے میں ٹائم فریم مقرر کرکے وزیرِ اعظم کو رپورٹ پیش کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مقررہ مدت میں طے شدہ اہداف کوحاصل کیا جائے۔وزیرِ اعظم عمران خان سے بوہرہ کمیونٹی کے وفد کی وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات ہوئی ،وفد نے وزیرِ اعظم کو بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین رضوی کا خط ، تسبیح اور شال پیش کی ،خط میں پاکستان اوروزیرِ اعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ تھر ایکسپریس کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کشمیریوں کا ساتھ نہ دینے والا غدار کہلائے گا، چوہدری شوگر مل کیس پورے شریف خاندان کو شوگر لکا دے گی۔ فواد چوہدری کو دوسری وزارتوں میں منہ مارنے کی عادت ہے، اس بارے میں وزیر اعظم سے بات کروں گا۔ عید کے بعد آزاد کشمیر کا دورہ کروں گا، بھارت کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے، سمجھوتہ ایکسپریس بند کر دی ہے، میرپور سے زیرو پوائنٹ تک صرف ایک ٹرین چلے گی، چین ہمالیہ سے بلند دوست ہے، ٹرین حادثے ایم ایل ون سے ختم ہوں گے، ایم ایل ون کے تحت 1800 کلو میٹر طویل ٹریک بچھایا جائے گا۔ جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھوکھرا پار اور مونا بائو کے درمیان تھر ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ، سمجھوتہ ایکسپریس جمعرات کے روز بند کی تھی، آج تھر ایکسپریس کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، برصغیر کے ممالک آمنے سامنے آ کھڑے ہوئے ہیں، کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہوا، عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں، عید کے بعد خود کشمیر جا رہا ہوں، اوڑی سے چکواڑی تک جائوں گا۔ ایل او سی کا دورہ کروں گا، بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑائیں، جو کشمیریوں کے ساتھ کھڑا نہیں ہو گا وہ غدار ابن غدار ہوگا، سیکورٹی کونسل نے کشمیر کے حق میں زبردست بیان دیا، ہم جنگ نہیں چاہتے، جنگ قوموں کو پیچھے لے جاتی ہیں، جو کشمیر یوں کا ساتھ نہیں دے گا عوام ان کی سیاست کو دفن کر دے گی، مودی نے اپنا کام کر لیا اب کشمیری اپنا فیصلہ خود کریں گے، مودی نے گلے کا طوق بنی آرٹیکل ختم کر کے کشمیریوں کو نئے جوش اور ولولہ دیا ہے جو جوالامکھی بنے گی، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی مزید تیز ہوگی، وزیر خارجہ چین گئے ہیں، چین کے ساتھ ہمالیہ سے بلند تعلقات ہیں، چیں میں ایم ایل ون کام کر رہا ہے، ایم ایل ون کا 70فیصد حصہ پاکستان سے گزرے گا، ایم ایل ون ٹریک میں ٹرین160 سپیڈ سے چلے گی، ایم ایل ون میں1800کلو میٹر ٹریک ہو گا، عمران خان کے ساتھ ہر جگہ ایم ایل ون کا ذکر کیا ہے ، کچھ لوگوں کو دوسروں کی وزارتوں پر ہاتھ مارنے کی عادت ہوتی ہے، اس پر وزیر اعظم سے بات کروں گا، ریلوے میں پچھلے سال کی نسبت10سے12ارب سے زیادہ منافع ہوا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاک بھارت دوستی بس سروس معطل کردی گئی ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کے بعد بس سروس معطل کی گئی ہے۔ ترجمان دوستی بس سروس نے کہا ہے کہ دوستی بس اور امرتسر بس سروس پیر سے بند کردی جائیں گی۔ دونوں بسیں آج معمول کے مطابق چلیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن