• news

دشمن مکار اور بزدل، کڑی نظر رکھنا ہو گی: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں عیدالاضحی کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی اقدامات اور صفائی کیلئے کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کیلئے خصوصی تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیا جبکہ 15اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طورپر منایا جائے گا۔ حالیہ بارشوں کے باعث انسداد ڈینگی کے لئے متعلقہ محکموں او رانتظامی افسروں کو متحرک کرنے اور انسداد پولیو کیلئے بھی مربوط انداز میں موثر اقدامات اٹھانے کافیصلہ کیاگیا۔اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ روٹی کی پرانی قیمت ہی برقرار رہے گی۔ اجلاس میں پلانٹ فار پاکستان پروگرام کو کامیاب بنانے اورنئے اراضی سینٹرز اور زمینوں سے متعلقہ معاملات کے جلد حل کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دشمن مکار اور بزدل ہے لہذا متعلقہ اداروں کو ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ ہوائی فائرنگ کے واقعات کے سدباب کیلئے پولیس کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ عیدالاضحی کے موقع پر پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔ عید پر میں چھٹیاں نہیں کروں گا بلکہ فیلڈ میں جاؤں گا اور میں کسی بھی شہر جا کر صورتحال کا خود جائزہ لوں گا۔ رواں برس انتظامات کو خوب سے خوب تر ہونا چاہیئے اور عوام کو ریلیف نظر آنا چاہئے۔ لاہور اور بڑے شہروں میں صفائی کے انتظامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔ آپ کو شہر صاف ستھرا رکھنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔ آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔ یوم آزادی پر صوبہ بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور سیمینارز منعقد ہوں گے اور پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی۔ حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے متنازعہ فیصلے کو کسی نے قبول نہیں کیا۔ متعلقہ محکمے اور ادارے ڈینگی اور پولیو کی روک تھام کے لئے فعال انداز میں فرائض سرانجام دیں اور وضع کر دہ پلان پر 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اگست کے آخری ہفتے میں لاہور میں خصوصی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔ یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے سب کو م لکر کام کرنا ہوگا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کم یکو جلد سے جلد دور کیا جائے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون جاری رکھا جائے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اوتمان خیل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر صنعت بلوچستان نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے متنازعہ بھارتی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجتی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم کشمیر کیعوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مودی سرکار کے غیرقانونی‘ غیرآئینی اور غیرجمہوری ہتھکنڈوں کو مسترد کرتے ہیں۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ کی دوسری برسی کے موعق پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے پاکستان میں جذام اور ٹی بی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن