رانا ثناء اللہ کا داماد شہریار مقدمہ قتل میں گرفتار
لاہور(نامہ نگار/ اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت لاہور کے احاطے سے مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کے داماد شہریارکوگرفتارکر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایلیٹ فورس فیصل آباد کے اہلکار خاموشی سے لاہور احتساب عدالت پہنچے،رانا ثناء اللہ کے داماد شہریار عدالت کی سماعت ہونے تک اپنے سسر رانا ثناء اللہ کے ساتھ رہے جیسے ہی نیب کی ٹیم رانا ثناء اللہ کو لے کر روانہ ہوئی ،فیصل آباد ایلیٹ فورس کی ٹیم اچانک سے نمودار ہوئی اور شہریار رانا کو گھیرے میں لے لیا ۔اس دوران مسلم لیگ ن کے ایم پی اے جعفر علی ہوچہ، شہریار رانا کو زبردستی ایلیٹ فورس سے چھڑاکر دوسری طرف لے گئے لیکن ایلیٹ فورسز کی نفری میں اچانک اضافہ ہو گیا ۔جس کے بعد لیگی کارکنوں اور ایلیٹ فورسز کے اہلکاروں میں دھکم پیل بھی ہوئی۔ ایلیٹ فورس فیصل آباد کے اہلکار آخر کار رانا ثناء اللہ کے داماد شہریار کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل کے مطابق رانا ثناء اللہ کے داماد شہریار کیخلاف فیصل آباد میں آصف بٹ نامی شہری کے قتل کا مقدمہ ہے ۔اس مقدمے میں شہریار کو گرفتار کیا گیا ہے۔انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں زیر حراست سابق وزیر قانون و ممبر قومی اسمبلی رانا نثا اللہ اور دیگر ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کردی۔ رانا ثناء اور شریک ملزموں کو سخت سکیورٹی میں انسداد منشیات کی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا ملزموں کاچالان مکمل کر لیا ہے۔