30 لاکھ فرزندان اسلام میدان عرفات پہنچ گئے، آج حج ادا کریں گے
مکہ مکرمہ، منیٰ ( ممتاز احمد بڈانی+ امیر محمد خان+ مبشر اقبال لون) 30 لاکھ فرزندان اسلام اللہم لبیک کی صدائوں میں آج فریضہ حج ادا کریں گے۔ منیٰ میں ایک دن اور رات گزارنے کے بعد عازمین حج آج صبح میدان عرفات میں پہنچ گئے۔ وقوف عرفہ حج کا رکن اعظم ہے۔ عازمین حج عرفات میں نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کریں گے اور مغرب تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔ عازمین سورج غروب ہوتے ہی مزدلفہ کیلئے روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ نماز مغرب اور عشاء ایک ساتھ ادا کریں گے اور کھلے آسمان تلے صبح تک قیام کریں گے۔ کل 10 ذی الحج کوعازمین مزدلفہ سے کنکریاں لیکر رمی کیلئے منیٰ جمرات جائیں گے۔ شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد عازمین قربانی کریں گے اور سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ رواں سال تاریخ میں پہلی بار فرزندان اسلام مسلسل تین روز تک خطبے سنیں گے۔ پہلا خطبہ جمعہ کا ہوا۔ دوسرا ہفتے کو مسجد نمرہ میں حج کا اور تیسرا خطبہ اتوار کوعیدالاضحیٰ کا سنا جائے گا۔ امام کعبہ مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیںگے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ 30 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہونگے۔ سعودی عرب کے تمام اعلی اہل کار خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں مکہ مکرمہ، عرفات، منی میں حجاج کے معاملات کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔ شہزادہ خالد بن فیصل خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نیابت کرتے ہوئے تمام امور کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔ گورنر مکہ مکرمہ اور مشیر شاہ سلمان شہزادہ خالد نے مکہ مکرمہ کی میونسپلٹی کے مشورے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزکی اسلام اور سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر جدہ، مکہ کی اہم شاہراہ کو شہزادہ محمد بن سلمان کے نام سے منسوب کیا ہے۔ آج منی میں درجہ حرارت کل کے مقابلے میں کم رہا، اور گرم موسم میں بہتری پر حجاج کرام کو عبادات میں آرام محسوس ہوا۔ حج قربانی کیلئے41 لاکھ قربانی کے جانور مشاعر مقدسہ پہنچ چکے ہیں۔ خادم الحرمین کے مہمانوں میں نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کی پولیس سپرنٹنڈینٹ نائلہ حسن بھی شامل ہیں۔ مہمانوں میں اس وقت مختلف ممالک کے 6500 حجاج، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز بھی شامل ہیں۔ دنیا بھر سے 600 سے زائد صحافیوں کو بھی وزارت اطلاعات اور وزارت حج نے حج کی دعوت دی ہے۔ گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز آل سعود نے اعلان کیا کہ عازمین حج اجازت نامہ کے بغیر مقامات مقدسہ کا رخ نہ کریں۔ بعض فرضی معلمین کو گرفتار کرلیا گیا جگہ جگہ تفتیشی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔ عرفات جانے والے ہر قافلے کی تفتیش کی جارہی ہے۔ حج سیکورٹی فورس کے معاون کمانڈر برائے ٹریفک امور میجر جنرل سلیمان العجلان نے بتای اکہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت مشاعر مقدسہ کے ایک ایک چپہ پر عقابی نگاہ رکھی جائے گی۔ سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز آل سعودکی طرف سے کھانے پینے کی اشیاء کے کولڈ کنٹینروں سے ٹھنڈے پانی کی لاکھوں بوتلیں اور خوراک کے پیکٹ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف ان کے خاندان اور’’الامانہ ‘‘حج وعمرہ لمٹیڈ کے قاری محمد مکی کی طرف سے بھی حجاج کرام میں فروٹ، جوسز اور کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل پیکٹس اور چھتریاں تقسیم کی جارہی ہیں۔ عرفات کے میدان میںمسجد نمرہ کے چاروں جانب تاحد نگاہ خیموں کا شہر آباد ہے۔ محکمہ صحت نے 25ہزار اضافی ہیلتھ کئیر ورکرز تعینات کئے ہیں جن کے پاس مریض حاجیوںکی خدمت کے لئے 5ہزار بیڈ ہیں جن میں سے 500 بیڈ انتہائی نگہداشت کے کیسز کے لئے مخصوص ہیں 11خصوصی ہسپتال بنائے گئے ہیں۔