• news

وزیراعظم سے ملاقات: مقبوضہ کشمیر سے شہادتوں ک اطلاعات آرہی ہیں، پاکستان چین فوکل پرسن مقرر کرینگے: شاہ محمود

اسلام آباد: (سپیشل رپورٹ/ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی اور دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں سے وزیراعظم کوآگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے موقف کی تائید کرے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے حالیہ واقعات پر چینی عوام میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں وزارت خارجہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں اٹھانے میں پاکستان کا ساتھ دینے کا یقین دلایا ہے۔ چین کشمیر پر پاکستان کے موقف کا حامی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کی چینی ہم منصب سے ملاقات بہت مفید رہی ہے۔ چین کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پاکستان کی پارلیمنٹ میں متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بارے میں بھارت کے غیر قانونی الزامات کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں اٹھائے گا۔ اس سلسلے میں کئی قانونی اور سفارتی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ جس پر صلاح مشورہ کیا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزارت خارجہ میں سابق خارجہ سیکرٹریوں کا خصوصی مشاورتی اجلاس ہو رہا ہے جس میں بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر پاکستان کے اقدامات پر صلاح مشورہ کیا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی منایا جائے گا اور پندرہ اگست کو یوم سیاہ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ثابت کر دیا وہ ہر آڑے وقت کا ساتھی ہے مقبوضہ کشمیر میں مظاہرین نے ہر طاقت کے استعمال پر اظہار تشویش کرتے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وادی سے شہادتوں کی اطلاعات آ رہی ہیں۔ کمیونی کیشن بلیک آؤٹ کی وجہ سے تفصیلات سامنے نہیں آ رہی ہیں مقبوضہ کشمیر میں دواؤں ادویات کی کمی ہو گی۔ چین نے جو ردعمل دیا وہ ہماری توقعات کے عین مطابق ہے چین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا لازوال دوست ہے پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ چین نے واضح پوزیشن کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کو متنازعہ علاقہ سمجھتے ہیں پاکستان اور چینی وزارت خارجہ کے درمیان ڈی جی کی سطح کے فوکل پرنس مقرر کئے جا رہے ہیں چین نے ہمارے موقف کی حمایت کی ہے دونوں ممالک نے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا ہے وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کمشیر میں کرفیو اٹھا تو فوری مظاہرے شروع ہو گئے بھارتی فوج نے مظاہرین پر گولیاں چلائیں گزشتہ روز کرفیو میں نرمی نہیں تھی لیکن کشمیریوں نے کرفیو توڑ کر احتجاج کیا۔ لداخ میں بھی بھارت کے خلاف احتجاج کی خبریں آ رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن