عید پر اوور چارجنگ کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کارروائی کا حکم، مسافروں کو لوٹنے نہیں دینگے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدا ر نے عید الاضحی کے موقع پر اوورچارجنگ کرنے والے ٹرانسپورٹر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام اورانتظامی افسران بس اڈووں پر جا کرخود چیکنگ کریں۔ انہوں نے صوبائی وزراء کو بھی موقع پر جا کر ٹرانسپورٹ کے کرائے چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اوورچارجنگ کے نام پر مسافروں کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ چھوٹے بڑے شہروں میں محکمہ ٹرانسپورٹ کا عملہ کرایو ں کی مسلسل مانیٹرنگ کرے اور اس ضمن میں فرائض سے غفلت برتنے والے افسروں اوراہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے میٹروبس سٹیشنز پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے کولرز فنکشنل نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ کولرز کو فی الفور فنکشنل کیاجائے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اورپنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے اجلاس میں لاہور، ملتان اور راولپنڈی میٹروبس سروس سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار کو اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی تکمیل کے مراحل سے آگاہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت ملتان روڈ پر اورنج لائن ٹرین ٹریک سے ملحقہ سڑکوں کی فوری تعمیر و مرمت کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک کے نظام کو سہل بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اورٹھوکر نیاز بیگ کی ری ماڈلنگ کر کے عوام کو آمد ورفت میں سہولت فراہم کی جائے۔ وزیر اعلی نے کمشنر لاہور ڈویڑن اور ڈی جی ایل ڈی اے سے سڑکوں اورفٹ پاتھ کی تعمیر و مرمت سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ اجلاس میں ’’نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام‘‘ کے تحت صوبے کے دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 15ارب روپے کی خطیر رقم سے پسماندہ علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام کا پہلا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔ ’’نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام‘‘ کا پہلا مرحلہ31 دسمبر تک مکمل کیاجائے گا اور دوسرے مرحلے کا آغازجنوری 2020ئ سے ہوگا۔ اس پروگرام پر عملدرآمد سے دیہات میں رہنے والے لوگوں کو آمد ورفت کی بہترین سہولت میسر آئے گی۔