جوہری پروگرام سمیت قومی مفاد کے کسی معاملہ پر سودے بازی نہیں ہونے دینگے: شہباز شریف
لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کسی خوف اور فکر کے بغیر کسان ، صنعت کار ، اور غریب کی آواز بنے گی۔ عوامی رابطہ مہم مزید تیزہوگی، ورکرز کنونشن منعقد ہونگے۔ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ تاجر، صنعتکار، دکاندار اور مزدور کے حقوق کی جنگ پوری قوت سے لڑیں گے۔ یوم آزادی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر بھرپور انداز سے منایا جائے گا۔ کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کے اظہار کے لیے 14 اگست کو لاہور میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کریں گے۔ حکومت کشمیر، معیشت سمیت قومی اور عوامی معاملات پر اپنی تاریخی ناکامیوں کو اپوزیشن کی گرفتاریوں سے چھپانا چاہتی ہے گیارہ ماہ میں تاریخ کا سب سے زیادہ 31.8 کھرب کا قرض ناکام حکومت کا معاشی جرم ہے۔ آئی ایم ایف اور ٹیکس وصولیوں کے اہداف میں مکمل ناکامی سے قومی مفادات کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ جیل، ہتھکڑی، گرفتاری اور گالی ہمیں ناکام نیازی کے جھوٹ بے نقاب کرنے سے نہیں روک سکتی۔ اپوزیشن ملک و قوم کے مفادات کے لیے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ جوہری پروگرام سمیت قومی مفاد کے کسی معاملے میں سودے بازی نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کردارکشی اور انتقام کے ہتھکنڈے پہلے بھی بھگت چکی ہے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت کے خلاف زہریلے پروپیگنڈے کو مسترد کیا اور اس پر ہمیشہ اعتماد کیا۔