چینلجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد ضروری، کشمیریوں کو اخلاقی، سفارتی حمایت کا یقین دلاتے ہیں: صدر علوی، یوم آزادی پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اپنے یوم آزادی کے موقع پر ہم آزادی کے لیے جد وجہد کرنے والے کشمیری بھائیوں کو اپنی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت کا بھرپور یقین دلاتے ہیں۔ آج ہمیں پاکستان میں جن چیلنجز ،مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے ان کا تقاضا ہے کہ ہم قومی مقاصد ،ترقی اور خوشحالی کی منزل کے حصول کیلئے مکمل یکسوئی، ہم آہنگی اور اتحاد پیدا کریں ، قوم کا ہر طبقہ ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کرکام کرے،آ ئیں اس دن کے موقع پر نئے عزم سے پاکستان کو تر قی یافتہ ، خوشحال اور انصاف پسندملک بنا نے کے عہد کی تجدید کریں ۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ میں مادرِ وطن کے 73ویں یوم آزادی پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بلا شبہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اور آزاد پاکستان کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں اور آباو اجداد نے بے پناہ قر بانیاں دیں اور اْن کی جہد مسلسل کے نتیجے میں آج کے دن یعنی14اگست 1947ء کو پاکستان دنیا کے نقشے پر آزاد ملک کے طور پر ابھرا۔اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پاکستان کو اقوام عالم میں باوقار،ترقی یافتہ اور خوشحال ملک کے طور پر پیش کریں اوراس ملک کو پاکستان کے بانی رہنمائوں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے خوابوں کے مطابق ڈھالیں۔قدرت نے پاکستان کو بے پناہ وسائل اور جیو سٹریٹیجک محل وقوع سے نوازا ہے لہذا ہم سب کا فرض ہے کہ ہم ملک کی تعمیر و تر قی میں اپنا بھرپور کر دار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ امر ہم سب کے لیے باعث اطمینان اور حوصلہ افز اء ہے کہ نئی نسل جذبہ حب الوطنی سے سرشار اور تعمیر و ترقی کی پر خلوص خواہش رکھتی ہے اور وہ قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد اور ضرورت واہمیت سے روشناس ہو رہی ہے اس دن کے موقع پر ہم آزادی کے لیے جد وجہد کرنے والے کشمیری بھائیوں کو اپنی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت کا بھرپور یقین دلاتے ہیں۔ آج ہمیں پاکستان میں جن چیلنجز ،مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے ان کا تقاضا ہے کہ ہم قومی مقاصد ،ترقی اور خوشحالی کی منزل کے حصول کیلئے مکمل یکسوئی ہم آہنگی اور اتحاد پیدا کریں اور قوم کا ہر طبقہ ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کرکام کرے۔صدر مملکت نے کہا کہ میں یوم آزادی کے موقع پرسیکورٹی اداروں کے ان تمام افسران اور جوانوں کوبھرپور خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔