• news

قوم متحد ہو جائے، کشمیریوں کو بھارتی چنگل سے آزاد کرانا ہے: پرویز الٰہی

گجرات (نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مودی حکومت کے اقدام نے کشمیریوں کے جذبہ جہاد کو مزید شدید کر دیا ہے جس سے ان کی آزادی کی منزل مزید قریب آ گئی ہے۔ وہ نت ہائوس میں نماز عید کے بعد ممبر قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مودی اور بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسا رہی ہے، تمام اسلامی ممالک کے لیڈرز، او آئی سی کو چاہیے کہ بھارتی بربریت پر صرف مذمت نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس پر عملی طور پر سامنے آنے کی ضرورت ہے۔ عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی ظلم و ستم سے نجات دلانے اور ان کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا فرض ادا کریں۔ کشمیری نوجوانوں کا لہو ہمیں پکار رہا ہے کہ ہم اپنے ذاتی، جماعتی اور سیاسی مفادات کی بجائے قومی جذبہ سے متحد ہوجائیں اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی چنگل سے نجات دلانے کیلئے آگے بڑھیں۔ 70سال سے کشمیریوں پر ظلم ہو رہا ہے لیکن اب آزادی کی جدوجہد نوجوانوں کے پاس آ گئی ہے نوجوانوں نے کرفیو توڑ کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ آج کے دن بیواؤں، یتیموں اور خاص طور پر پاک فوج کے جوانوں کو یاد رکھنا چاہیے جو سرحدوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور بلا خوف پاکستان کی حفاظت کر رہے۔ ہمیں اپنے ان بزرگوں، بھائیوں اور بچوں کو بھی نہیں بھولنا چاہئے جنہوں نے پاکستان کے حصول، دفاع اور تحفظ کیلئے اپنی جان تک دینے سے دریغ نہیں کیا اور اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کر دیا۔ یہی ہمارے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں ہی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں پاکستان فوج کے جوانوں اور کشمیری نوجوانوں کیلئے ہمیں دعا کرنی چاہیے کہ اللہ ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے۔

ای پیپر-دی نیشن