ساہیوال، منڈی فیض آباد: غیرت کے نام پر بھائیوں کے ہاتھوں دو لڑکیاں قتل
ساہیوال، منڈی فیض آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) نواحی چک59۔ جی۔ ڈی میں غیرت کے نام پر15سالہ لڑ کی مقدس بی بی کو اسکے دو بھائیوں نے گھر میں گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ ڈیوٹی جج نے دونوں بھائیوں اظہر اور نذر کی حفاظتی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق اسی چک کے ماہیا کی15سالہ بیٹی مقدس کے کردار پر اسکے خاندان کو شک تھا پولیس بہادر شاہ نے مقدمہ34,302 ت پ ملزموں کے خلاف درج کر لیا لیکن ملزموں نے ڈیوٹی ایڈیشنل سیشن جج ماجد حسین گادھی کی عدالت سے حفاظتی ضمانت قبل از گرفتاری کی در خواست 17 اگست تک منظور کرا لی ہے۔ علاوہ ازیں منڈی فیض آباد کے نواحی گائوں قلعہ میاں سنگھ میں ایک نوجوان نے ناجائز تعلقات کے شبہ میں اپنی سگی بہن کو کلہاڑی کے پے در پے وار کر کے ہلاک کر دیا۔ مبینہ طور پر قلعہ میاں سنگھ کی (م) کے کسی نوجوان کے ساتھ تعلقات تھے جس کا اس کے بھائی ابوبکر کو بہت رنج تھا۔ چنانچہ گذشتہ روز اس نے طیش میں آکر اپنی سگی بہن (م) کو کلہاڑی کے وار کر کے ہلاک کر دیا پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔